
لاہور (جیوڈیسک) ’’کیچز ون میچز ‘‘ ورلڈ کپ کے کچھ ایسے غیر یقینی کیچ جنہوں نے تاریخ میں اپنا خوب نام بنایا۔ ورلڈ کپ 1992 میں بھارتی کھلاڑی اجے جدیجہ نے انگلش بلے باز ایلن بارڈر کا بہترین کیچ تھام کر سب کو حیران کر دیا۔ 1996 کے عالمی کپ میں نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر شین تھومسن نے پاکستانی بیٹسمن عامر سہیل کا ہوا میں اچھل ایک غیر یقینی کیچ پکڑا۔
ویسے تو آسٹریلین بلے باز مارک وا نے اپنے کیرئیر کے دوران بہت سے بہترین کیچز پکڑے لیکن 1999 میں پاکستانی بلے باز عبدالرزاق کا سلپ میں مشکل ترین کیچ پکڑ کر خوب داد بٹوری۔ 1983 کے میگا ایونٹ میں کپل دیو نے ویسٹ انڈیز کے سر ویو رچرڈز کا حیران کن کیچ تھام کر لارڈز کے میدان میں اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔
اپنی بہترین فیلڈنگ سے دنیائے کرکٹ میں شہرت کمانے والے جنوبی افریقی سٹار جونٹی روڈز نے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کیخلاف ایک عظیم کیچ پکڑ کر خوب نام کمایا۔ برموڈا کے 127 کلو گرام وزن کے بھاری بھر کم ڈیون ایوروک نے بھارت کے خلاف ورلڈ کپ 2007 میں ایک عمدہ کیچ پکڑ کر دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا۔
