
لاہور (جیوڈیسک) اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی20 میں کسی ایک بیٹسمین کو ہدف نہیں بنایا، بولنگ کرتے ہوئے پچ پر موجود ہر بیٹسمین نشانہ ہوگا، ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے پر توجہ مرکوز ہوگی.
اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ کسی ایک ٹیم کیخلاف عمدہ پرفارمنس پر نگا ہیں مرکوز نہیں، اچھے بولرز کی قدر کرتا ہوں، ہر گیند کو میرٹ پر کھیلتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹو ئنٹی20 کیلیے پاکستان ٹیم کی بنگلہ دیش روانگی سے قبل ایک تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ۔
سعید اجمل نے کہا کہ ایونٹ کے دوران خاص طور پر کسی ایک بیٹسمین کو ہدف بنانے کے حق میں نہیں ہوں، اسپنرز کیلیے سازگار کنڈیشنز میں بولنگ کرتے ہوئے پچ پر موجود ہر بیٹسمین کو نشانہ بنانے کی کوشش کروں گا، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ بنانا اصل مقصد نہیں، اہم مواقع پر حریفوں کی وکٹیں لیتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے پر توجہ مرکوز ہوگی، انھوں نے کہا کہ ٹیم کا ہر رکن سو فیصد کارکردگی دکھا کر قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلیے پرعزم ہے۔
