
واشنگٹن (جیوڈیسک) انٹرنیشنل نیوز سیفٹی انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس دنیا بھر میں 126 جبکہ پاکستان میں 9 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔ شام میڈیا کے لیے خطرناک ترین ملک رہا جہاں 19 صحافی قتل کیے گئے۔
بھارت میں پاکستان سے زیادہ صحافیوں کو قتل کیا گیا۔ تحفظ صحافت سے متعلق عالمی ادارے انٹرنیشنل نیوز سیفٹی انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق شام اس سال بھی صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ملک رہا جہاں ملکی و غیر ملکی 19 صحافیوں کو قتل کر دیا گیا۔ شام میں گزشتہ برس 28 صحافی قتل کیے گئے تھے۔
بھارت اور فلپائن میں 13,13 صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا اور شام کے بعد بھارت اور فلپائن صحافیوں کے لیے دوسرے نمبر پر خطرناک ملک بن گئے۔ فلپائن میں 9 صحافیوں کو نامعلوم حملہ آروں نے قتل کیا جبکہ 4 صحافی سمندری طوفان کی تباہ کاریوں کی کوریج کے دوران مارے گئے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت نے7 صحافیوں کے قتل کی مکمل تحقیقات بھی نہیں کی گئی۔عراق میں پیشہ ورانہ ذمے داریاں نبھاتے ہوئے 11 صحافی قتل کر دیے گئے جبکہ پاکستان میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں 9 صحافی جاں بحق ہوئے۔
