لاہور: مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ سال میں ایک دن منانے سے حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی نہیں ہو سکتا، حقیقی یکجہتی کا تقا ضا ہے کہ پاکستان بھارت سے دو ٹوک انداز میں بات کرے کہ اگر یو این او کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہیں دیتا تو پھر جنگ کے لیے تیار رہے، ہم نے ایٹم بم نمائش کے لیے نہیں بنایااٹھار ہ کروڑ عوام بھارت سے نفرت اور حکمران بھارت سے محبت کا مظاہرہ کرکے اسے پسندیدہ قراردینے کے لیے بے چین ہیں۔
انہوں نے کہا کہکشمیر ی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔بھارت میں کشمیری عوام کا عرصہ دراز استحصال کیا جا رہا ہے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیری عوام کو ظلم سے نجات دلانے کی بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری اور تحریک املجاہدین جموں کشمیر کے امیر شیخ جمیل الرحمن کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدو جہد آزادی اور اس مسئلے کے پر امن حل کیلئے کشمیریوں کے موقف کی کھل کر حمایت کرے۔
کشمیر کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی سودے بازی قابل قبول نہیں کی جائے گی اور نہ ہی بھارت کو پسندیدہ ملک قراردینے گے۔ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا ہر لحاظ سے قابل مذمت ہےـ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی منشاء کے مطابق حل نہیں ہوتا اس وقت تک پاکستان اور بھارت کے درمیان دیگر تنازعات ختم نہیں ہوسکتے۔مرکزی ناظم اعلی حافظ عبدالکریم ایم این اے نے کہا کہ خطے میں بد امنی اور دہشتگردی کے ذمہ دار امریکہ، انڈیا اور اسرائیل ہیں۔ اس طاغوتی ٹرائیکا نے اقوام متحدہ کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
اقوام عالم کا کشمیر اور فلسطین میں بھارتی و اسرائیلی غاصبانہ قبضے اور ظلم و ستم کو نظر انداز کرنا سوالیہ نشان ہے۔ بھارت کے ساتھ تجارت اور اسے پسندیدہ ملک قرار دے کر شہدائے کشمیر کی قربانیوں اور خون سے سمجھوتہ کیا جا رہا ہے۔ ہم ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ایسے ملک دشمن فیصلوں کو مسترد کرتی ہے اور ہر فورم پر ان کے خلاف آواز بلند کریگی۔ متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری اور تحریک املجاہدین جموں کشمیر کے امیر شیخ جمیل الرحمن نے پاکستانی عوا م کی کشمیریوں سے محبت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔
دریں اثناء مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے زیر اہتمام ”یوم یکجہتی کشمیر” کے سلسلے میں لاہور، شاہدرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، شیخوپورہ، راولپنڈی، چکوال، راجن پور، ڈیرہ غازیخاں، مریدکے، قصور، پتوکی، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، رحیم یار خان، لودھراں و دیگر شہروں اور قصبات میں ”انڈیا مردہ باد ریلیاں” اور مظاہرے کئے گئے۔
ریلیوں کے شرکاء نے بھارتی وزیراعظم اور مسلم دشمن انتہا پسند تنظیموں کے سربراہوں کے پتلے اور انڈین پرچم نذر آتش کئے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کی اپیل پرنماز فجر کے بعد مساجد میں کشمیر، فلسطین، برما، افغانستان کے مظلوم مسلمانوں اور مجاہدین کے لئے اللہ رب العزت کے حضور دعائیں مانگی گئیں۔ بعض مقامات پر نماز فجر میں قنوت نازلہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ گوجرانوالہ، وزیرآباد میں پروفیسر عبدالستار حامد امیر پنجاب ، پروفیسر سعید کلیروی، حافظ عمران عریف، پروفیسر صادق عتیق قصور پتوکی میاں محمود عباس ناظم اعلیٰ پنجاب، مولانا محمد نعیم بٹ چیئرمین کشمیر کمیٹی، حافظ عبدالباسط شیخوپورہ، قاری عبدالحفیظ ، ، قاری عبدالمتین اصغر، شاہدرہ میں مولانا محمد ارشد بیگم کوٹی ملتان میں مولانا عنایت اللہ رحمانی، پسرور میں مفتی کفایت اللہ شاکر کی قیادت میں ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے۔
