
مصر (جیوڈیسک) مصر میں نئے آئینی مسودے پر ہونے والے ریفرنڈم کے سلسلے میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ریفرنڈم کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ میں بڑے پیمانے پر عوامی شرکت دیکھی گئی۔ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے ووٹنگ کا آغاز ہوا جو شام سات بجے تک جاری رہا۔ نئے متنازعہ دستور کے مسودے پر مصری قوم واضح طور پر دو حصوں میں تقسیم دکھائی دیتی ہے۔
ریفرنڈم کے پہلے مرحلے میں قاہرہ اور اسکندریہ سمیت مصر کے دس شہروں میں ووٹ ڈالے گئے۔ ساڑھے پینتالیس ہزار انتخابی مراکز پر ہونے والی ریفرنڈم ووٹنگ کی نگرانی پر سات ہزار جوڈیشل افسران مقرر تھے۔ بائیس دسمبر کو دوسرے مرحلے پر دیگر سترہ شہروں میں ووٹنگ ہو گی۔ ریفرنڈم کی نگرانی کرنے والے ججوں کی حفاظت کیلئے پولیس اور فوج کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات تھی۔
ریفرنڈم کی نگرانی کرنے والی سپریم کونسل نے اعلان کیا ہے کہ سول سوسائٹی اور مقامی و بین الاقوامی این جی اوز کو نئے دستور کے بارے میں ووٹنگ کے عمل کو مانیٹر کرنے کی مکمل اجازت ہے۔ مصری فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل سیدکی صبحی نے پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
