جھنگ: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عصمت اللہ خان نیاز ی نے تھانہ اٹھارہ ہزاری کے مشہور مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم کو سزائے موت، جرمانہ اور دیگرشریک پانچ ملزمان کو عمر قید اور جرمانہ کی سزا کا حکم دیا۔استغاثہ کے مطابق نواہی علاقہ درگاہی شاہ کے رہائشی نوازش علی ،جعفر خان اور فدا حسین قریبی علاقہ کے ڈیرہ پر صفائی دینے کے بعد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے تینوں کو قتل کر دیا۔
تھانہ اٹھارہ ہزار ی پولیس نے مقتول کے بھائی اقبال حسین خان کی درخواست پر آٹھ ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 302/Bاور 149کے تحت مقدمہ نمبر 276/6درج کرکے تفتیش مکمل کی اور چلان عدالت میں پیش کیا ۔فاضل جج عصمت اللہ خان نیاز ی نے استغاثہ اور گواہان کے بیانات اور ملزمان کے وکلاء کے دلائل سماعت کرنے کے بعد اپنے فیصلہ کے تحت مرکزی ملزم فرخ عباس کو سزائے موت ،پانچ لاکھ روپے جرمانہ اورعدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں چھ ماہ قید اسیطرح دیگر ملزمان فخر عباس،اختر عباس،جاوید شاہ،ارشاد حسین اور ظفر عباس کو عمر قید ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ اورعدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید چھ ماہ قید جبکہ دو ملزمان رشید شاہ اور سبطین شاہ کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔
