
کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں سکیورٹی فورسز کا مختلف علاقوں میں آپریشن، 34 طالبان جنگجو ہلاک ، 16 زخمی، 11 کو گرفتار کر لیا گیا۔افغان خبررساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے۔
کہ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ لوگر، پکتیا، ننگرہار، قندوز اور وردک کے مختلف علاقوں میں طالبان کے خلاف آپریشن کیا، جس میں 34 جنگجو ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔فورسز نے 11 جنگجوؤں کو گرفتار کر لیا۔
سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں مختلف قسم کا اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے اپنے قبضے میں لے لیا۔بیان میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے جانی نقصان کے متعلق معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب افغانستان میں اتحادی فوج میں شریک آسٹریلوی اہلکاروں کے لئے مترجمین کے فرائض انجام دینے والے پانچ سو افغانوں کو آسٹریلیا میں آباد ہونے کی اجازت دے دی گئی۔
جرمن خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ ان مترجموں کی زندگیوں کو یقینی طور پر خطرات لاحق ہیں۔ آسٹریلیا کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ افغان مترجموں اور ان کے اہلخانہ کو مہاجرین کا درجہ حاصل ہے اور ان کی آبادکاری ایک خفیہ پروگرام کے تحت کی گئی ہے ۔
