
کابل: (جیوڈیسک) اقوام متحدہ نے زور دیا ہے کہ افغان پارلیمنٹ تحفظ خواتین کے حوالے سے فوری قانون سازی کرے۔
اقوام متحدہ نے افغان حکومت سے خواتین کے تحفظ کیلئے قانون سازی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان میں اقوام متحدہ کی تحفظ خواتین کے حوالے سے اسسٹنٹ مشن کے سربراہ اور سیکرٹری جنرل بان کی مون کے نمائندہ خصوصی جان کیوبز کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے فوری طور پر قانون سازی اور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
افغان حکومت اور پارلیمنٹ کو خواتین کے بنیادی حقوق کا احترام کرنا چاہیے اور تحفظ نسواں کے حوالے سے صدر حامد کرزئی کی جانب سے منظور کردہ ایوا قانون پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائے۔
مشن سربراہ گیسلا ڈوٹر کا کہنا تھا کہ خواتین کے عدم تحفظ سے پورے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور جب تک خواتین کے احترام کو یقینی نہیں بنایا جاتا ملک میں قیام امن اور ترقی کے حوالے سے کوششیں تیزی سے کامیاب نہیں ہو پائینگی۔
