
ماسکو (جیودیسک) اتحادی فورسز کی تعیناتی کے بعد افغانستان میں منشیات کی پیداوار میں دس گنا اضافہ ہوا ، روسی سفیر کا انکشاف۔ نیٹو زیر قیادت بین الاقوامی اتحادی فورسز کی تعیناتی کے بعد سے افغانستان میں منشیات کی پیداوار میں دس گنا اضافہ ہوا ہے۔
یہ بات نیٹو کے لئے روسی سفیر الیگزینڈر گریشکوف نے کہی۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق الیگزینڈر گریشکوف نے کہا کہ جب سے افغانستان میں ایساف فورسز نے کارروائیوں کا آغاز کیا ہے۔ یہاں ہیروئن اور دیگر منشیات کی پیداوار اور سمگلنگ میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
نیٹو کے لئے روسی سفیر کا کہنا تھا کہ صرف پچھلے سال افغانستان میں پوست کا زیر کاشت رقبہ دس سے تیس فیصد تک بڑھا اور ایساف اس خطرے کا تدارک کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تیار منشیات کے ذخائر میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
