
الجزیرہ (جیوڈیسک) الجزائری حکام کے مطابق بورکینا فاسو کی فوج کا کہنا ہے کہ قومی فضائی کمپنی کا یہ طیارہ بورکینا کی سرحد سے 50 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہوا۔ اس پرواز نے جمعرات کو خراب موسم میں جیسے ہی مالی کو عبور کیا اس سے رابطہ ختم ہو گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافر طیارے میں 116 مسافر سوار تھے جن میں 51 فرانسیسی شہری تھے۔ ایئر الجیریا کے مطابق AH 5017 طیارے کو سپین کی فضائی کمپنی سوفٹ ایئر کی جانب سے چارٹر کیا گیا تھا۔
بورکینا فاسو کی فوج کے جنرل گلبرٹ کا کہنا ہے کہ طیارے کو تلاش کرنے والے افراد کو جلے ہوئے انسانی اعضا اور جہاز کا ملبہ ملا ہے۔
بورکینا فاسو کے حکام کے مطابق طیارے پر سوار مسافروں میں 24 کا تعلق بورکینو فاسو سے تھا جبکہ آٹھ لبنانی، چار الجزائری، دو لیگزم برگ کے شہری، ایک بیلجیئم کا شہری، ایک سوئس، ایک نائجیریئن، ایک کیمرون کا شہری، ایک یوکرائنی اور ایک رومانیہ کا باشندہ تھا۔
گزشتہ کچھ دنوں میں دنیا بھر میں طیارے گرنے اور حادثات کا شکار ہونے کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں۔ پچھلے ہفتے ملائشیا کا طیارہ ایم ایچ 17 مشرقی یوکرائن میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
بدھ کو تائیوان کے مغربی ساحل کے ایک جزیرے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہونے والے طیارے کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک ہو گئے۔
