کراچی (اسپورٹس رپورٹر) شاہین اسٹار فٹ بال کلب کے زیر اہتمام شہر کراچی میں فٹ بال کے فروغ اور سماجی خدمات کے حوالے سے معروف شخصیت چاند با بو مرحوم کی یاد میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے عرفان میموریل فٹ بال گرائونڈ لانڈھی 36 بی پر ایک شاندار آل کراچی چاند با بو یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں شہر کراچی کی 26معروف فٹ بال کلبوں نے حصہ لیا گزشتہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ حسن بغدادی اور عمران برادرز کے مابین کھلا گیا کھیل کے دوران مقررہ وقت تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا ریفری کے فیصلے کے مطابق پنالٹی ککس پر حسن بغدای نے عمران برادرز کو 2-1سے شکست دیکر چاند با بو یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔
میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی چاند با بو مرحوم کے صاحبزادے مفتاح کریم نے تقسیم انعامات کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں فاتح اور رنر اَپ ٹیم کے کپتانوں کو ٹرافی پیش کی اور ٹورنامنٹ میں نمایاں کا رکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات اور اسناد سے نوازا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتاح کریم نے کہاکہ فٹ بال کے کھیل کو ترقی دیکر صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے ،نواجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے روکنے کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا فروغ انہتائی ضروری ہے انہوں نے وفاقی ،صوبائی اور شہری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کی ترقی اور اس کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں فٹ بال کے کھیل میں ہمارے ملک میں ٹیلنٹ موجود ہے۔
اُن کے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور سرپرستی کی ضرورت ہے مفتاح کریم نے شاہین اسٹار فٹ بال کلب لانڈھی کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا کہ اُن کے والد چاند با بو مرحوم کی یاد میں فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکے ان کی خدمات کو اجاگر کیا تقریب میں سماجی شخصیت محمد دانش ،سیکریٹری ساحل محمڈن ابو الحسن ،ینگ اتحاد فٹ بال کلب کے روح رواں با بو فیروز و دیگر فٹ بال سے وابستہ اہم شخصیات نے معروف سماجی و کھیل سے وابستہ شخصیت چاند با بو مرحوم کو اُن کی سماجی اور فٹ بال کے فروغ کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ چاند با بو مرحوم کی فٹ بال کے فروغ و سرپرستی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو سعید عالم نے سپرائوز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض ابو الحسن نے انجام دیئے۔
