فیصل آباد: خانوادہ انوری کے چشم وچراغ اور بین المذاہب امن کونسل کے ضلعی وائس چیئرمین علامہ ضیاء الرحمن انوری نے پشاور دہشت گردی واقع کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان میں امن کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے لاہورکینٹ میں واقع ملک کے معروف دینی ادارے جامعہ منظور الاسلامیہ میں خود کش حملہ آور کی گرفتاری پر کہا کہ اب وہ قوتیں خاموش کیوں ہیں اس دہشت گرد کے بیانات کی روشنی میں ان طاقتوں کو واضح کریں جو ملک کو عدم استحکام کاشکار کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا ڈالروں اور پاؤنڈوں کی وصولی کیلئے مدارس پر دہشت گردی کا لیبل لگانے والوں کی زبانیں بھی اب خاموش ہیں جس سے ان لوگوں کی منافقت واضح ہوتی ہے۔انہوں نے کہا تمام مسالک ومذاہب کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ بیرون ممالک کی ایجنسیاں اپنے سیاسی،تجارتی،اقتصادی وعسکری مقاصد کے تحت پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے۔
اس لئے وہ مختلف طبقات میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے پاکستان میں بسنے والے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ایک ہوجائیں اور ایک دوسرے پر الزامات نہ لگائیں کیونکہ سب کا دشمن ایک ہے۔
