
امریکا (جیوڈیسک) امریکی جاسوسی کے راز افشا کرنیوالے ایڈورڈ سنوڈن نے نگرانی سے متعلق مزید راز افشاں کر دیئے، کہتے ہیں برطانیہ اور امریکا نے مشترکہ طور پر 2009 کی جی 20 کانفرنس میں عالمی لیڈروں کی جاسوسی کی۔ ایڈورڈ سنوڈن نے امریکی جاسوسی سے متعلق مزید دستاویزات برطانوی اخبار کے حوالے کردیئے۔ دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانیہ نے 2009 کی جی 20 کانفرنس میں عالمی لیڈروں کی جاسوسی کے لئے خاص انتظامات کئے۔
برطانوی حکومت نے غیر ملکی رہنماں کے کے لئے خاص انٹر نیٹ کیفیز بنائے جہاں نگرانی کے خاص آلات نصب کئے گئے۔ جاسوسی کے اس پروگرام میں عالمی رہنماں کی فون کالز اور ای میلز کی نگرانی شامل تھی۔ اس پروگرام میں روسی صدر ڈمتری یدویدیف اور ترکی کے وزیر خزانہ کی خاص طور پر جاسوسی کی گئی۔
دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی کا لندن آفس برطانوی مواصلاتی ادارے سے ملکر کام کرتا ہے۔ ایڈورڈ سنوڈن کے ان نئے انکشافات پر امریکی انتظامیہ نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
