
واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی کانگریس نے سال دو ہزار پندرہ کے لیے 577ارب ڈالر کے دفاعی اخراجات کے بل کی منظوری دے دی ہے۔
دنیا کے دیگر ملکوں میں جنگوں کے لیے 64 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ یکم اکتوبر دو ہزار پندرہ سے شروع ہونے والے نئے مالی سال کے دفاعی بل میں چار سو چھیانوے ارب ڈالر پینٹاگان کے اخراجات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
صدر اوباما کی درخواست پر64 ارب ڈالر دیگر ملکوں میں جنگوں اورشدت پسندوں سے نمٹنے کےلیے رکھے گئے ہیں۔ یہ رقم افغانستان جنگ کے علاوہ داعش کے خلاف عراقی، کرد اورشامی افواج کی تربیت پر خرچ کی جائے گی۔ ایک ارب اناسی کروڑ ڈالر نیو کلیئر ہتھیاروں پر کام کےلیے انرجی ڈپارٹمنٹ کو فراہم کیے جائیں گے۔
ایوان نمائندگان نے گزشتہ ہفتے اس بل کی منظوری دے دی تھی ۔آج سینیٹ نےبھی بل منظور کر لیا ہے۔ اب بل کے مسودے کو صدر باراک اوباما کو بھجوایا جائے گا۔ ان کے دستخط کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔
