
بغداد (جیوڈیسک) عراقی دارالحکومت بغداد کے مختلف علاقوں میں ہونے والے 4 دھماکوں میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے، الغدیر، العلاوی، بابل المعظم اور یرادہ کے علاقوں میں مسلسل چار دھماکے کئے گئے جن میں 14افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 45زخمی ہوئے، ابھی تک کسی بھی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
عراقی سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں داعش سمیت دہشت گرد گروہوں کو ہونے والی زبردست شکست کی وجہ سے، یہ گروہ عوام میں دہشت پھیلانے کے مقصد سے شہری علاقوں میں دہشت گردانہ حملے کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے کہاہے کہ عراقی حکومت صدر بارک اوباما کی انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کے حق میں ہے۔
گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ عراقی عوام کا فرض ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردی کا خاتمہ کردیں، اس سے پہلے بارک اوباما نے داعش کا مقابلہ کرنے کی اپنی حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہ کا امریکی فضائیہ کے حملوں کے علاوہ عراقی سیکیورٹی فورسز اور معتدل شامی اپوزیشن کے ساتھ اشتراک عمل کی بدولت خاتمہ کیا جائے گا۔
عراق کے نئے وزیر اعظم حیدر العبادی نے گزشتہ ہفتے اپنا عہدے سنبھالنے کے بعد برطانوی شہریت ترک کر دی۔ وزیر اعظم کے قریبی سرکاری افسران نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ العبادی نے آٹھ ستمبر کو پارلیمنٹ سے باضابطہ طور پر حکومت کی منظوری کے بعد اپنا برطانوی پاسپورٹ واپس کر دیا۔
عراقی آئین صرف اپنے شہریوں کو دوہری شہریت رکھنے کی اجازت دیتا ہے، اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کو نہیں، بغداد میں موجود برطانوی سفارت خانہ کے اہلکاروں اور لندن میں محکمہ داخلہ اور خارجہ نے خبر پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ادھر فلوجہ میں دولت اسلامیہ کے زیر تسلط علاقے میں ایک اسپتال عراقی سرکاری فوج کی بمباری میں نشانہ بن گیا ہے۔
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کی طرف سے جاری اس بیان کے ایک روز بعد نشانہ بنا جس میں انھوں نے دولت اسلامیہ کے زیر قبضہ شہری علاقوں پر بمباری کرنے سے منع کیا تھا۔
