
کوئٹہ (جیوڈیسک)اساتذہ بلوچستان کے حساس اضلاع میں انتخابی فرائض سرانجام دینے پر راضی ہو گئے۔ گیارہ مئی کو صوبے بھر میں چھبیس ہزار چار سو پچاس اساتذہ تعینات کیے جائیں گے۔ کوئٹہ قلات اور مکران کے گیارہ حساس اضلاع میں کالعدم تنظیموں کی دھمکیوں کے بعد اساتذہ نے انتخابی ڈیوٹی سے انکار کر دیا تھا۔
نگران صوبائی حکومت کی پانچ رکنی کمیٹی نے اساتذہ سے مسلسل تین روز مذاکرات کیے۔ اساتذہ نے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد حساس اضلاع میں ڈیوٹی دینے کی حامی بھر لی۔
اس موقع پر سیکریٹری ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
