
راولپنڈی(جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہ نما میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ان کا تاریخی استقبال تیر اور بلے کو بہا لے جائے گا، اقتدار میں آکر راول پنڈی کو لاہور بنا دیں گے، 11مئی کا دن شیر کا ہو گا، آصف زرداری نے پانچ سال تک عوام کو قید کر کے رکھا، مگر وہ آج خود اسلام آباد کے بنکر میں بند ہو کر رہ گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے تحت راول پنڈی کے مختلف علاقوں سے ایک انتخابی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت میاں شہباز شریف نے کی۔ اس دوران یہ ریلی حلقہ این اے 55 اور این اے 56 کے علاقوں مری روڈ، بنی چوک، چوہڑ چوک اور جامع مسجد روڈ سے گزری۔ ریلی میں شامل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بڑی تعداد کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہو گیا۔
امر پورہ چوک میں شہباز شریف نے مختصر خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے گیس، بجلی، پانی تک عوام کے لیے بند کر دیا اور آج وہ خود اسلام آباد کے بنکر میں بند ہو کر رہ گئے ہیں۔
