
دبئی / کولمبو / جوہانسبرگ (جیوڈیسک) بگ تھری کی بادشاہی کے لیے آئی سی سی نے نئی چال چل دی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈرافٹ پیپر میں نئی ترامیم کر دیں، دیگر بورڈز کے تحفظات کم کئے گئے، زیادہ مالی فوائد اور میچز کا وعدہ کر لیا گیا، نئی تجاویز تمام فل ممبران کو بھجوانے کے ساتھ معاملے کو خفیہ رکھنے کی بھی سختی سے ہدایت کی گئی۔
آئی سی سی کی فنانشل اینڈ کمرشل افیئر کمیٹی کے ورکنگ گروپ نے ڈرافٹ پوزیشن پیپر تیار کر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ایسا دھماکا کیا جس سے اٹھنے والی دھول بیٹھنے کا نام ہی نہیں لے رہی، اس کی شدت کم کرنے کے لیے آئی سی سی نے ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں ہی تجاویز میں کچھ تبدیلیاں کی تھیں اب ان میں مزید ردوبدل کیا گیا ہے، ذرائع نے کہاکہ نئی تجاویز کو تمام فل ممبران کو بھیجنے کے ساتھ یہ سختی سے ہدایت کی گئی کہ اس بار انھیں افشا نہیں ہونا چاہیے۔
