
لاہور (جیوڈیسک) کرکٹر عمر اکمل کو 12 گھنٹے بعد شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ ایس ایچ او کے مطابق عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
عمر اکمل کے خلاف کارِسرکار میں مداخلت پر مقدمہ درج کیا گیا۔ کرکٹر عمر اکمل کو ٹریفک وارڈ ن سے تکرار کچھ زیادہ ہی مہنگی پڑ گئی۔ سارادن حوالات میں بند رکھنے کے بعد لاہور پولیس نے رات گئے انہیں رہا کر دیا۔
عمر اکمل کہتے ہیں پولیس نے بڑا برا سلوک کیا۔ وہ تو ٹریفک وارڈن کے خلاف پرچہ کٹوانے خود تھانے گئے تھے۔ پتا نہیں الٹا ان کے خلاف پرچہ کیسے کٹ گیا۔ قانونی چارہ جوئی کروں گا 12 گھنٹے حوالات کی ہوا کھانے کے بعد عمر اکمل کو کھلی فضامیں سانس لینا نصیب ہو ہی گیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ انہوں نے صلح کی بڑی کوشش کی لیکن پھر بھی ان کے کیخلاف غلط پرچہ کاٹا گیا۔ شخصی ضمانت کیوں اور کس طرح ہوئی کچھ پتہ نہیں۔ صبح عدالت میں پیش ہوکر ضمانت کراوٴں گا۔
