
برازیل (جیوڈیسک) کے شہر ساو پولو میں جاری پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ جسے پولیس نے ختم کرا دیا۔ برازیل میں سب وے اور بس کرایوں میں10 سینٹ اضافہ کے خلاف مظاہرے میں یونیورسٹی طالبعلموں سمیت 5 ہزار کے قریب لوگوں نے شرکت کی اور مرکزی شاہراہ بلاک کرکے احتجاج کیا۔ جس کے باعث ٹریفک کی روانی آٹھ روز میں چوتھی مرتبہ بری طرح متاثر ہوئی۔
مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی جس سے درجنوں مظاہرین زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے 200 کے قریب مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا۔ احتجاج ختم ہونے پر کاروباری حضرات نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب مظاہرین نے کہا کہ وہ17 جون کو ایک مرتبہ پھر احتجاجی مظاہرہ کرینگے اور انہوں نے سوشل ذرائع پر مزید طلبا و طالبات کو مظاہرے میں شرکت کی دعوت دیدی ہے۔
