
نیو یارک (جیوڈیسک) کینیڈا نے اپنی تیار کردہ اینٹی ایبولا ویکسین ٹیسٹ کرنے کیلئے اقوام متحدہ کو بھجوا دی۔ وزیر صحت رونا ایمبروزے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی دوا عالمی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو تجرباتی بنیادوں پر بھجوائی گئی ہے تاکہ علم ہو سکے کہ یہ دوا ایبولا کی روک تھام کیلئے کس حد تک مؤثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوا کی پہلی کھیپ بھجوائی گئی ہے جبکہ دو کھیپیں مزید بھجوائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیپ میں ویکسین کے 800 نسخے (وائلز) ہیں جنہیں برف میں رکھ کر بھجوایا گیا ہے دوسری جانب سیر الیون میں اقوام متحدہ کا ایک اور ملازم ایبولا وائرس سے ہلاک ہو گیا۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ عملے کا ایک رکن وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا ہے جبکہ وائرس سے متاثرہ اس کی بیوی کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
اقوام متحدہ کے عملے کا یہ تیسرا ملازم ہے جو ایبولا وائرس سے متاثر ہوکر موت کی آغوش میں چلا گیا ہے۔
