لاہور: پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے ہنگو میں کھلونا بم دھماکے سے ہلاک ہونے والے بچوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، حکومت دہشتگردی کی جنگ کو الجھانے کی بجائے قوم میں اتفاقِ رائے پیداکر کے اس مسئلے کو حل کر نے کے لئے اقدامات کرے۔
اْنہوں نے کہا کہ ڈرون حملے اور دہشتگردی دونوں ہی پاکستان کی خودمختاری اور آزادی کے خلاف ہیں اس لیے حکومت کو قوم کو متحد کرنا چا ہیے تا کہ اْن مذ موم طاقتوں کو جلد از جلد جہنم رسید کیا جا سکے جنہوں نے پاکستان اور اسلام کو دنیا بھر میں بد نام کر رکھا ہے دہشت گردوں نے پاکستان کے 50 ہزار معصوم شہریوں اور 5 ہزار کے قریب فوجی جوان شہید کرنے کے علاوہ ملکی معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچایا ہے۔
پیپلزپارٹی دہشتگردی کے خلاف حکومت سے بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دہشتگردوں کے ہاتھوں نا قابلِ تلافی نقصان اْٹھائے ہیں لیکن پھر بھی پیپلز پارٹی کی قیادت اور اْسکے کار کن دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
