
لاہور (جیوڈیسک) مزاحیہ بھارتی فلم ” جٹ اینڈ جولیٹ ” سیریز کا دوسرا پارٹ پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا۔ شائقین کی ایک بڑی تعداد نے فلم کے پریمئیر میں شرکت کی تو سینما کی رونقیں لوٹ آئیں۔
مزاحیہ پنجابی فلم “جٹ اینڈ جولیٹ 2” کے پریمئر شو کا انعقاد لاہور میں کیا گیا۔ فلم کی کہانی پنجاب پولیس کے ایک افسر کے گرد گھومتی ہے جو ایک فرضی کیس نمٹانے کینڈا کا رخ کرتا ہے۔ فلم میں قدم قدم پر مزاح سے شائقین لوٹ پوٹ ہوتے رہے۔ فلم بینوں کی بڑی تعداد نے پریمئیر شو میں شرکت کرکے اجڑے سینمائوں کی رونقیں بحال کر دیں۔
فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹوں کا ماننا ہے کہ یہ گہما گہمی فلمی صنعت کے لیے خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی۔ فلمی صنعت سے وابسطہ افراد کا ماننا ہے کہ پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی فلمیں بھی فلم انڈسٹری کو بحران سے نکالنے میں مددگار ہو سکتی ہیں۔
