
ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے 2 خانوں کے درمیان لفظوں کی جنگ ہمیشہ سے ہی میڈیا کی شہہ سرخیاں بنتی رہی ہیں جب کہ ایک مرتبہ پھر سلو میاں نے کنگ خان پر طنز کے تیر چلا دیئے۔
دبنگ خان کے ان دنوں ستارے عروج پر ہیں اور ہرآنے والی فلم خوب نام کے ساتھ مال بھی کما کر دے رہی ہے یہی وجہ ہے کہ سلوں میاں اپنے حریف شاہ رخ خان پر طنز کے تیر برسانے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
اور حال ہی میں دبنگ خان نے ایسا بیان داغا جو ایک مرتبہ پھر بھارتی میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے جس میں دبنگ خان کا شاہ رخ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی فلم “کک ” نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ہے اور اب بالی ووڈ کے کنگ کہاں ہیں۔
سلوں میاں کا مزید کہنا تھا کہ انہیں شاہ رخ خان سے کوئی مسئلہ نہیں اگر وہ بالی ووڈ کے کنگ ہیں تو انہیں کنگ ہونا چاہئے لیکن باکس آفس پر پہلے ہی ایک کنگ موجود ہے۔ دبنگ خان یہیں خاموش نہیں ہوئے بلکہ یہ بھی کہا کہ ہوسکتا ہے کہ شاہ رخ مجھ سے آگے ہو لیکن ابھی میں جس جگہ پر ہوں وہ بھی سب کے سامنے ہے۔
