
گال (جیوڈیسک) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین ٹیسٹ میچز میں ایشیائی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے غیر ایشین باؤلر بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق 31 سالہ سٹین نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کے آخری روز شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی اننگ میں پانچ اور دوسری میں چار وکٹیں حاصل کر کے جنوبی افریقہ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
جب انہوں نے سری لنکن بلے باز کوشل سلوا کو آؤٹ کیا تو وہ ایشیائی سر زمین پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے غیر ایشین باؤلر بن گئے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کورٹنی واش اس فہرست میں سب سے آگے تھے جہاں انہوں نے ایشین سرزمین پر 77 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم ڈیل سٹین نے یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا اور وہ اب تک ایشیا میں 80 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
اسٹین کا ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ انتہائی شاندار ہے اور وہ موجودہ دور کے بہترین فاسٹ باؤلر مانے جاتے ہیں۔ جنوبی افریقی اسپیڈ اسٹار اب تک 73 ٹیسٹ میچوں می 371 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھا چکے ہیں۔
