میاں نواز شریف پاکستانی عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں:سردار خالد ملک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار خالد ملک نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف پاکستانی عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں،مسلم لیگ ن عوامی طاقت سے مسائل کوشکست دے دے گی ، نوجوان متحد ہوکر مسلم لیگ ن کی حکومت کی کامیابی کے لئے کام کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن یوسی57/21 کے صدر صالح عزیز کی رہائش گاہ پر جشن آزادی کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سٹی صدر عامر اکرام بٹ نے کہا کہ نواز شریف کی کامیابی 18کروڑعوام کی کامیابی ہے ،وہ لوگ ملک و قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہیںجو اپنے ذاتی مفاد اور سیاسی الو کو سیدھا کرنے کے لئے نواز شریف کی ناکامی کی آس لگائے بیٹھے ہیں،ایسے لوگوں کو عنقریب مایوسی کامنہ دیکھنا پڑے گا ،یو سی صدر صالح عزیز نے کہا کہ گوجرانوالہ میںمسلم لیگ ن کی فتوحات کا سہرا غلام دستگیر خان کے سر ہے جنہوں نے کارکنوں کی قدم قدم پر حوصلہ افزائی کی ہے ۔بائو عزیز الرحمٰن،خالد پرویزڈار،ناصر ندیم چیمہ ایڈووکیٹ،ماماشہباز احمد،صفت علی بٹ ،قیصر اقبال بٹ،عبدالرافع،تقویم خاور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر مصر میں قتل عام اور بھارتی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاجزادہ حامد رضا کی اپیل پر مصر میں قتل عام اور بھارتی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا جمعة المبارک کے اجتماعات میں مذمتی قرار دادیں منظور کرائی گئیں اور مساجد کے باہر مظاہرے کئے گئے مرکزی جامع مسجد نور میں احتجاجی مذمتی جلسہ عام منعقد ہوا جس میں سنی اتحاد کونسل کے راہنمائوں الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی ، صاجزادہ پیر محمد دائود رضوی ، الحاج سرفراز احمد تارڑ ، مفتی محمد حسین صدیقی ، مفتی غلام نبی جماعتی ، قاری غلام سرور حیدری ، حافظ محمد رفیق قادری ، مفتی محمد سعید رضوی ، صاجزادہ عمار سعید رضوی ، مفتی محمد حسیب قادری ، قاری محمد اشرف شاکر ، مولانا محمد خالد حسن مجددی ، قاضی محمد یعقوب رضوی ، عبدالمجید کیلانی ، حافظ آصف اویسی ، رانا محمد زبیر اور دیگر نے خطاب کیا مولانا محمد اکبر نقشبندی صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان نے کہا کہ مصری فوج کا اپنی عوام کو ٹینکوں تلے روندنا وحشیانہ اقدام ہے احتجاج کرنیوالے پر امن مظاہرین پر فوج کی چڑھائی اور ظالمانہ کارروائیوں میں سینکڑوں شہریوں کے قتل عام سے ہلاکوں خان کی تاریخ دھرائی جارہی ہے عالمی برادری مصرمیں بے گناہوں کے قتل ٤عام کا نوٹس لے اور منتخب حکومت کی بحالی کیلئے کردار ادا کرے انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے بھارتی اشتعال انگیزی پر حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگنے والے حکمران ملی غیرت نیلام کر رہے ہیں شیر کی حکومت کا دعویٰ کرنیوالے بھارت کے سامنے بھیگی بلی بن گئے انہوں نے کہا کہ حکمران غیور قوم کو بزدلی کا در س نہ دیں بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ اور آبی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم وطن عزیز کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی لاہور نے مصر میں فوج کے ہاتھوں نہتے عوام کے قتل عام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا
لاہور (جی پی ائی)جماعت اسلامی لاہور نے مصر میں فوج کے ہاتھوں نہتے عوام کے قتل عام کیخلاف اور مصری وعوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مسجد شہدا کے باہر مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ، امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد ، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز اور حزب المجاہدین کے ڈپٹی سپریم کمانڈر مولانا جاوید قصوری نے خطاب کیاجبکہ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب وقار ندیم وڑائچ، اظہر اقبال حسن ، سیکرٹری جنرل پنجاب نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے۔ شدید بارش کے باوجود مظاہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مظاہرین نے کتبے ،بینر اور ڈاکٹر محمد مرسی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیاکہ جنرل سیسی کے خلاف عالمی عدالت میں جنگی جرائم اور انسانیت کے قتل عام مقدمہ چلایا جائے۔ شاہراہوں، چوراہوں اور گلی کوچوں میں پرامن مظاہرین کا قتل عام کیا گیا ہے۔ امریکہ اور یورپ اس قتل عام کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ دنیا کی کوئی مہذب قوم انسانیت کے خلاف مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی ۔ انہوں نے کہاکہ مصری عوام نے پانچ بار اخوان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مصری عوام نے جمہوری قوت سے اسلام دشمن عناصر کو شکست دی۔ انہوں نے کہاکہ عالمی میڈیا کا کردار انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج پورا عالم اسلام، تمام اہل ایمان اور انسانیت سے محبت کرنے والے مصر کے مظالم پر خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ مصریوں نے بے پناہ قربانیوں کے بعد آمریت اور اغیار کے غلاموں کو شکست دی تھی اور امریکہ کے بتوں کو پاش پاش کیا تھا مگر آج امریکہ اور مغرب ایک بار پھر مصری عوام کی اپنے حقوق کے لیے جنگ کے میدان کو گرم کررہاہے۔ ہم دنیا بھر کی جمہوری قوتوں سے سوال کرتے ہیں کہ وہ مصر کے گلی کوچوں میں ہونے والے قتل عام اور امریکہ و اسرائیل کے تنخواہ دار ایجنٹوں کے ظلم و جبر پر خاموش کیوں ہیں ؟۔امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے اپنے خطاب میں کہاکہ مصر میں ہونے والے ظلم و ستم پر انسانیت ماتم کناںہے ۔ مصر کے جرأت مند عوام نے ٹینکوں سے کچلے جانے اور گولیوں کی بوچھاڑ کے باوجود اللہ کی کبریائی کے نعرے لگائے ہیں وہ اللہ کے نظام کی سربلندی کے لیے اپنی جانیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنرل سیسی اور اس کے ساتھی جرنلوں کی کوئی حیثیت نہیں ان کی سرپرستی دنیا کا سب سے بڑا غنڈہ امریکہ اور اس کا حرامی بچہ اسرائیل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مصری عوام کے قافلے اپنے سروں کو ہتھیلی پر رکھ کر نکلے ہیں دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔ بہت جلد امریکی بربریت دفن ہو جائے گی اور قبلہ اول آزاد ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ آج اگر امت مسلمہ تہی دامن اور خوار ہے تو یہ بے حس اور امریکی غلام حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہاکہ مصر سمیت دنیا بھر میں نظریہ کی بالادستی کی جنگ جاری ہے۔ روٹی کپڑے اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ نہیں ، شیطان دنیا پر اپنانظریہ مسلط کرناچاہتاہے جبکہ اللہ تعالیٰ کے بندے اس کے دین کے غلبے کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ فتح حق کی ہو گی اور بہت جلد باطل نظریات دفن ہو جائیںگے۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز نے کہاکہ ہم مصری عوام کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں جو دو ماہ سے ٹینکوں اور توپوں کے سامنے کھڑے ہو کر کلمہ حق بلند کررہے ہیں اور مصر میں دستور کی بحالی کے لیے جانیں نچھاور کررہے ہیں ۔ آج ساری اسلامی دنیا میں لاکھوں افراد اپنے مصری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں ۔ انڈونیشیا سے امریکہ تک انسان اس ظلم و ستم پر تڑپ اٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مصرکی تاریخ میں ایک دن کے اندر اتنی بڑ ی تعداد میں انسانوں کا قتل عام کبھی نہیں ہوا۔ مصری عوا م کی قربانیوں نے پورے مشرق وسطیٰ کا نقشہ تبدیل کردیاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری صحت جھنگ پہنچ گئے
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سیکرٹری صحت حسن اقبال متاثرین سیلاب کے لئے جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے جھنگ پہنچ گئے۔سیکرٹری صحت ضلع جھنگ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کریں گے۔سیکرٹری صحت متاثرین سیلاب کے لئے علاقے میں قائم میڈیکل ریلیف کیمپوں کا بھی معائنہ کریں گے اور وہاں طبی سہولیات کی فراہمی ،جان بچانے والی ادویات کے علاوہ سانپ اور کتے کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ صحت کا فلڈ کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کررہا ہے
لاہور(جی پی آئی)محکمہ صحت پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں متاثرین کی بروقت طبی امداد اور ان کی ضروریات سے باخبر رہنے کے لئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب کے دفتر میں فلڈ کنٹرول روم قائم کیا ہوا ہے جو 24 گھنٹے کا م کررہا ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ سیکرٹری صحت حسن اقبال کی ہدایت پر فلڈ کنٹرول روم صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے اور مذکورہ 22 اضلاع کے ای ڈی اوز صحت کے دفاتر کنٹرول روم کو متاثرین سیلاب کے علاج معالجہ کی ضروریات،ادویات کی فراہمی اور دیگر معلومات روزانہ کی بنیاد پر فراہم کررہے ہیں جنہیں اعلی حکام تک پہنچایا جاتا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ عوام معلومات کے لئے فلڈ کنٹرول روم کے فون نمبر 042-99200679 یا ڈائریکٹر ہیلتھ سی ڈی سی ڈاکٹر مبشر ملک کے سیل نمبر 03454007004 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید منور حسن کی اپیل پر مصر میں فوجی بربریت ،ہزاروں پرامن مظاہرین کو شہید اور زخمی کردینے
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی اپیل پر مصر میں فوجی بربریت ،ہزاروں پرامن مظاہرین کو شہید اور زخمی کردینے،ٹینکوں اور بلڈوزروںسے انسانی ہجوم کو کچلنے اور زندہ جلانے کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا ۔ مساجد میں آئمہ اور خطیبوں نے مصری فوج کی بہمیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے خطابات میں عالم اسلام کے اتحاد اور اسلام دشمن قوتوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا اور مصر میں صدر مرسی کی حکومت کی بحالی کا مطالبہ کیا ۔کراچی لاہورپشاور اور کوئٹہ سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مقامی قائدین نے خطاب کیا ۔ مقررین نے اخوان المسلمون اور مصری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مصر میں جاری اسلام دشمن قوتوں اور عالمی استعماری سازشوں کی شدیدمذمت کی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کامطالبہ کیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے جامع مسجد منصورہ میں جمہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالم و جابر السیسی کے سر سے امریکی چھتری ہٹ جائے تو ایک دن کیلئے بھی وہ اقتدار پر فائز نہیں رہ سکے گا۔عرب بہار کے نتیجے میں عالم عرب میں موجود امریکہ کے بڑے بڑے برج الٹ گئے اور قلعے مسمار ہوگئے ہیں جس سے مصر سمیت کئی عرب ممالک میں سال ہا سال سے ظلم کی چکی میں پسنے والے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور اپنی آزاد مرضی سے اپنے حکمرانوں کا انتخاب کیا ہے ،مصر میں عوام نے دوسال کے اندردستور سازی اور صدارتی انتخاب سمیت پانچ بار اخوا ن المسلمون پر اپنے اعتماد کا اظہار کیالیکن امریکہ و مغرب کے دوہرے معیار اور اسلام اور انسانیت دشمنی نے عوام کی بھر پور تائید کے باوجود اسلامی تحریکوں کو اقتدار منتقل نہیں ہونے دیا ۔مصر میں گزشتہ دوروز کے اندر جس بڑے پیمانے پر کشت و خون ہوا اس نے ہٹلر اور چنگیز خان کے مظالم کی یاد تازہ کردی ہے۔معصوم بچوں اور خواتین کو بلڈوزروں اور ٹینکوں کے نیچے روندا گیا اور غیر انسانی و ظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈے استعمال کئے گئے لیکن مصری عوام کے پرامن مظاہروں اور احتجاج کو روکنے میں بربریت کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوگئے ہیں اور عوام آج بھی لاکھوں کی تعداد میںسڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں اور اس عزم کا اظہار کررہے ہیں کہ جب تک ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کو بحال نہیں کیا جاتا وہ اپنے گھروں کو نہیں جائیں گے ۔سید منورحسن نے کہا کہ عرب ممالک میں اقتدار پر قابض شیوخ ،شہنشاہوں اور بادشاہوں کو امریکی سرپرستی حاصل ہے اور وہ عوام کا خون چوس رہے ہیں انہوں نے کہا کہ غلامی اور انسانی تذلیل کی جتنی شرمناک مثالیں آج عرب دنیا میں نظر آتی ہیں ان سے اسلام کے امن و آشتی اور اخوت و محبت کے پیغام اور تشخص کو سخت نقصان پہنچا ہے ۔امریکی آشیر باد سے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان اسلامی ممالک کے حکمران غلبہ دین کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔سید منور حسن نے کہا کہ مصر کے واقعات پر عرب دنیا کا مجموعی رویہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے ،ہزاروں انسانوں کے قتل عام پر بھی عرب لیگ اور اوآئی سی کے اجلاس تک نہیں بلائے گئے ،انہوں نے ایک بار پھر ترکی کے جرأ ت مندانہ موقف کو سراہتے ہوئے ترکی کی طرف سے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے مطالبہ کی تحسین کی اور حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کیلئے راہ ہموار کی جائے ۔سید منورحسن نے کہا کہ مسلم ممالک کی افواج کا کردار ہمیشہ محسن کشی والا رہا ہے عالم اسلام کی فوجیں مسلمانوں کی بجائے استعمار کی فوجوں کا شرمناک کردار ادا کررہی ہیں ،جنہوں نے دشمن سے لڑنے کی بجائے ہمیشہ اپنے ممالک کو فتح کیا ہے ۔مصری فوج نے بھی امریکی و اسرائیلی اشارے پر ہزاروں انسانوں کو کیڑے مکوڑوں کی طرح کچل دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مصر کے معاملے میں پاکستانی حکومت اور وزیر اعظم کا موقف اطمینان بخش ہے لیکن انہیں آگے بڑھ کر مصری عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے مزید جاندار رول ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا امریکہ کی طرف سے فوجی بربریت کی مذمت ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور والا معاملہ ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کی مصرکی تشویشناک صورتحال پر قرار داد
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ نے اپنے اجلاس میں مصری کی تشویشناک صورتحا ل پر بحث کے بعد ایک قرار داد منظور کی ہے جس میں مرکزی مجلس عاملہ نے مصری فوج کے ہاتھوں پرامن شہریوں کے وحشیانہ قتل عام پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیاہے کہ جنرل سیسی اور اس کے ساتھیوں پر عالمی جرائم کی عدالت میں کھلا مقدمہ چلایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے ۔ اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کے ذریعے 14اگست کی خونی کارروائیوں کی تحقیقات کی جائیں ۔ افریقی یونین کی طرح اقوام متحدہ ، او آئی سی اور عرب لیگ میں بھی مصر کی رکنیت اس وقت تک معطل کر دی جائے جب تک وہاں منتخب حکومت بحال نہیں ہوجاتی ۔قرارداد میں کہا گیاہے کہ مصری عوام نے بیش بہا قربانیاں دے کر 64 سالہ ظلم و جبر اور آمریت سے نجات حاصل کی تھی پھر عوام کی اکثریت نے دو سال کے عرصے کے دوان پانچ مرتبہ مختلف سطحی انتخابات میں صدر محمد مرسی اور ان کی جماعت کو واضح اکثریت سے اپنا نمائندہ منتخب کیا ۔ منتخب صدر نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور طبقات کو حکومت میں نمائندگی دیتے ہوئے تابندہ جمہوری روایات قائم کیں ۔ ملک کو عوام کا منظور شدہ پہلا آزادانہ و جمہوری دستور دیا ۔ داخلی اور خارجی پالیسیوں کو بیرونی غلامی سے آزاد کرواتے ہوئے خالصتاً قومی مفادات کی بنیاد پر تشکیل دینا شروع کیا لیکن بدقسمتی سے کرپٹ اور جابرانہ سابق حکومت کی باقیات نے نومنتخب جمہوری حکومت کے ساتھ مسلسل عدم تعاون کارویہ اختیار کیا اور پھر بالآخر بین الاقوامی سازش کے تحت فوجی سربراہ نے منتحب حکومت کا تختہ الٹ دیا ۔ مصری عوام کی واضح اور نمایاں اکثریت نے غیرآئینی فوجی انقلاب کو مسترد کرتے ہوئے پرامن احتجاج منظم کیا ۔ 27 جون سے قاہرہ کے دو اہم مقامات پر لاکھوں افرادنے دھرنا دیا ۔ پورا ماہ رمضان اور عید کے دن رات بھی اس پرامن دھرنے میں گزارے ۔ قاہرہ کے علاوہ بھی پورے ملک میں کروڑوں عوام نے غیر قانونی فوجی انقلاب مسترد کرتے ہوئے ملین مارچ اور مظاہرے کیے۔ قرار داد میں مزید کہا گیاہے کہ ملک بھر میں پرامن مظاہرین کا ایک ہی مطالبہ تھاکہ 64 فیصد عوام کا منظور کردہ دستور بحال کیاجائے ۔ غیر آئینی فوجی انقلاب ختم ہو اور منتخب حکومت بحال کی جائے ۔ بدقسمتی سے فوجی جنتا نے عوام کا یہ منصفانہ مطالبہ منظور کرنے کے بجائے 14 اگست کو مصری تاریخ کی بدترین جارحیت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ہزاروں افراد کو شہید کردیا۔ محتاط اندازے کے مطابق 2600 افراد شہید اور 10 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوگئے ۔خواتین ، بچوں ، نوجوانوں اور بوڑھوں حتیٰ کہ صحافیوں کو بھی بے دردی سے قتل کر دیا گیا ۔ان تمام بے گناہوں کا خون فوج کے سربراہ جنرل سیسی ، اس کے ساتھیوں اور اس کے بیرونی سرپرستوں کی گردنوں پر عائد ہوتاہے ۔اس قتل و غارت گری پر صہیونی ذمہ داران کا اظہار اطمینان اور امریکہ کی طرف سے دوغلا رویہ کاروائی کے باطل ہونے کا واضح ثبوت ہے ۔ جمہوریت اور انتخابات جیسے الفاظ کی جگالی کرتے رہنے والی امریکی انتظامیہ نے اس بدترین خون ریزی کے بعد بھی سیسی حکومت کو فوجی انقلاب قرار نہیں دیا تاکہ کہیں امریکی امداد کا دروازہ بند نہ کرنا پڑے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت کی دہشت گردی کی پالیسی قوم نے دیکھ لی ،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ حکومت کادہشت گردی کی روک تھام کا پلان اور پالیسی قوم نے دیکھ لی،اسلام آباد پولیس کے کردار سے سخت مایوسی ہوئی۔سکندر نامی ایک مچھندر 6گھنٹے تک اسلام آبادپولیس کو تگنی کا ناچ نچاتا رہا، اسلام آباد واقعہ سے ثابت ہوگیا ہے کہ پولیس کی تربیت صرف جعلی پولیس مقابلوں ، صحافیوں کے کیمرے توڑنے اور معصوم شہریوں کو ناکوں پر ذلیل کرنے کی ہے ،مسلح افراد کو قابو کرنے کی ٹریننگ اس نے لی ہی نہیں۔ میاں کامران سیف نے کہا کہ حکمران خدا کا خوف کریں ،نظریاتی اسلامی ریاست اور ایٹمی طاقت پاکستان کو مذاق نہ بنایا جائے۔انہوںنے کہا کہ پولیس کی جدید بنیادوں پر تربیت ناگزیر ہے تاکہ ایسے واقعات سے نمٹا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصری فوج کی وحشیانہ کارروائی پر مسلم امہ کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے: پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے مصر کی باغی فوج کی طرف سے مرسی کے حامیوں پر فائرنگ اور مظالم کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی ایما پر مصری عوام کا خون بہا یا جارہا ہے۔ مصریوں کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ا مریکہ کی خدائی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔جنرل سیسی فرعون کی نعش سے سبق حاصل کریں۔جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلامتی کو نسل نے مصر کے فرعونوں کو لگام نہ دی تویہ آگ پورے عرب خطہ میں پھیل سکتی ہے۔ مصر کے عوام نے سیکولر ازم لبرل ازم اور امریکی یہودی غلامی کو مسترد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملالہ کے زخمی ہو جانے پر چیخ اٹھنے والے اوباما یا بان کی مون کو قاہرہ کی سڑکوں اور گلیوں بازاروں میں بہنے والا معصوم لہوکیوں نہیں دکھائی دیتا ۔ مصری فوج کے بزور بازو اقتدار پر قابض ہونے کے بعد اخوان المسلمین کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔ مصری فوج کی وحشیانہ کارروائی پر مسلم امہ کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے؟ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کی نمائندہ تنظیم او آئی سی اس قتل عام پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ ہی آگے بڑھ کر مصر کے بحران کو حل کرنے میں کردار ادا کرے تاکہ مصر میں معاملات زندگی بہتر ہو سکیں۔ او آئی سی کو بھی اس بحران کے حل کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ ورنہ لیبیا، شام کی طرح مصر میں بھی خانہ جنگی کے خطرات بڑھ جائیں گے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ مسلم امہ کو خواب غفلت سے جاگ کر مسلمانوں کے ہاتھوں مسلمانوں کا مزید خون بہنے سے روکنا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایکسپر یس نیوز کراچی کے دفتر پر حملہ بزدلانہ کا روائی ہے ۔میا ں مقصود احمد
لا ہو ر ( جی پی آئی ) امیر جما عت اسلا می لاہور میاں مقصود احمد نے ایکسپر یس نیو ز کراچی کے دفتر پر مسلحہ افراد کی فائرنگ کی شدید مذمت کر تے ہو ئے اسے انتہا ئی شر منا ک عمل قرار دیا ہے ، انہو ں کہا کہ ایسی بزدلانہ کا روائیو ں سے محب وطن صحا فیوں کو ڈرایا دھمکا یا نہیں جا سکتا یہ بزدلا نہ عمل آزادی صحافت کا گلا گھوٹنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جا ئے کم ہے، میا ں مقصود احمد نے حکومت سند ھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملزما ن کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزادے انہوں نے کہا کہ حق اور سچ کی آواز اٹھا نے پر ہما ری تما م تر ہمدردیا ں ایکسپر یس نیوز کے ساتھ ہیں۔ میا ں مقصود احمد نے حملے میں زخمی ہو نے والے دونو ں ورکر ز کی جلد صحت یا بی کی دعا بھی کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی پارلیمانی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے:قاضی احمد سعید
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پارلیمانی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، پاک بھارت جنگ خطے کیلئے سود مند نہیں ہوسکتی۔ اقوام عالم جنوبی ایشیاء میں امن کے لئے موثر کردار ادا کریں۔دونوں ممالک پارلیمان کے ذریعے کشیدگی کم کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پارلیمان میں مسائل کا حل نکالنا چاہئے پیپلز پارٹی نے پچھلے پانچ سال میں تاریخ ساز فیصلے کئے ہیں جس سے ملک میں پارلیمانی نظام کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی خطے کیلئے سود مند نہیں ہے اور نہ ہی جنگ کسی مسئلے کا حل ہے دونوں ممالک کے پارلیمان اس کشیدگی کو ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیبر کالونیاں ڈینگی فری ہونی چاہئیں ،کسی کالونی میں ڈ ینگی کا ایک بھی کیس سامنے آیا تو سخت نوٹس لیا جائے گا: وزیر محنت
لاہور(جی پی آئی)وزیر محنت وانسانی وسائل پنجاب راجہ اشفاق سرور نے پنجاب کی لیبر کالونیوں صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو وارننگ دی ہے کہ لیبر کالونیوں میں گندگی اورسیوریج کے مسائل پر فوری طور پرقابوپایا جائے اورڈینگی سے بچاؤ کیلئے کسی لیبر کالونی کی گلیوں یا بازاروں کے نشیبی علاقوں میں پانی نہیںکھڑا ہونا چاہئے۔اگرکسی لیبر کالونی میں ڈ ینگی کا ایک بھی کیس سامنے آیا تو سخت نوٹس لیا جائے گا۔ وہ آج محکمہ محنت وا نسانی وسائل پنجاب کے زیر اہتمام الحمراہال میں ڈینگی آگا ہی سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔سیکریٹری محنت و انسانی وسائل کیپٹن(ر)محمد یوسف، ڈینگی ماہرین ڈاکٹر وسیم اکرم، پروفیسر ڈاکٹر عامر اقبال اورڈاکٹر طیبہ بٹ نے بھی خطاب کیا۔رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد ارشد ،وائس کمشنر سوشل سکیورٹی شاہد عادل اورمزدور راہنما خورشید احمد بھی سیمینار میں شریک ہوئے جبکہ سوشل سکیورٹی کے ڈاکٹرز اورافسران، ورکرز ویلفیئر بورڈ ، ورکرز ویلفیئر سکولوں کے افسران اوراساتذہ کے علاوہ مختلف صنعتی اداروں کے مزدوروں کی کثیر تعداد بھی سیمینار میں موجود تھی۔وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرو ر نے فیکٹری مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے مزدوروں کوڈینگی سے پاک ماحول فراہم کریں تاکہ مزدوروں میں ڈینگی کے بارے میں احساس تحفظ پیدا ہو اوروہ دلجمعی سے کا م کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی کے پنجاب بھر میں288طبی مراکز مزدوروں کے علاوہ عام آدمی کو بھی ڈینگی کے علاج کی سہولت فراہم کرنے میں مصروف ہیں جبکہ صوبے کے49ورکرز ویلفیئر سکولوں میں روزانہ صبح زیروپیریڈ میں بچوں کو ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر بتائی جارہی ہیں اوربعد میں کلاسز میں ان معلومات کا ٹیسٹ بھی لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ محنت ڈینگی کے خلاف جہادی جذبے کے ساتھ صف آرا ہے اورکسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں 423بیڈز ڈینگی مریضوں کیلئے مختص کر دئیے گئے ہیں۔راجہ اشفاق سرورنے کہا کہ محکمہ محنت و انسانی وسائل کی معاونت سے گذشتہ 8ماہ کے دوران مختلف صنعتی اداروں میں 671ڈینگی آگاہی سیمینار کرائے جا چکے ہیں ، محکمہ محنت رواں سال کے دوران 253ٹریننگ پروگرام مکمل کرچکا ہے اور1677فری میڈیکل کیمپ لگائے جا چکے ہیں۔سیکریٹری محنت وانسانی وسائل پنجاب کیپٹن(ر) محمد یوسف نے کہا کہ محکمہ محنت کے ہسپتالوں میں 43سی بی سی مشینیں ڈینگی سے متاثرہ افراد کے ٹیسٹ کیلئے کام کررہی ہیں جبکہ مانگامنڈی ہسپتال میں سیل سیپریٹرجیسی قیمتی مشین بھی اس مقصد کیلئے مختص ہے ۔انہوں نے کہا کہ 18اگست کو پنجاب بھر میں ورکرز ویلفیئر سکولوں کے بچے ڈینگی ڈے کے موقع پربینرز ، پوسٹرز اورپلے کارڈز اٹھا کر سڑکوں پر واک کریں گے اورلوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ اورتدارک کے اقدامات سے آگاہ کریں گے ۔ سیمینار سے ڈینگی ماہرین ڈاکٹروسیم اکرم ، پروفیسر ڈاکٹر عامر اقبال اورڈاکٹر طیبہ بٹ نے بھی خطاب کیاجبکہ سوشل سکیورٹی کے ڈاکٹر ز اور افسران ، محکمہ محنت اورورکرز ویلفیئر بورڈ کے افسران اورسٹاف کے علاوہ مزدور راہنما خورشید احمد اور مختلف صنعتی اداروں کے مزدوروں کی کثیر تعداد بھی شریک ہوئی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے ،چوہدری ظہیر الدین
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر دلی افسوس ہے ، پنجاب حکومت متاثرین کی بحالی اور فوری امداد کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے ، سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ ٹھکانوں تک پہنچانے کے لیے فوج کی مدد لی جائے ،متعدی امراض اور بیماریوں سے بچائو کے لیے موبائل طبی سروس متاثرہ علاقوں میں بھیجی جائے ، گزشتہ روز انہوں نے مسلم لیگ پنجاب کی ضلعی تنظیموں کے صدور کے نام لکھے گئے خط میں کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے عہدیدار اور کارکن امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں ، انہوں نے چناب اور ستلج میں آنے والے اونچے درجے کے سیلاب،درجنوں دیہات کے زیر آب آنے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کی تباہی پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت متاثرہ کسانوں کے لیے بھی خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیلاب قومی مسئلہ ہے پوری قوم متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہو جائے: چودھری پرویزالٰہی، چودھری شجاعت حسین
لاہور (جی پی آئی ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے متاثرین سیلاب سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب کسی ایک جماعت یا فرد کا نہیں بلکہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے اور پوری قوم کو مل جل کر متاثرین کی امداد و بحالی کے کاموں میں حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر شریک ہونا چاہئے۔ مسلم لیگی قائدین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مسلم لیگی کارکنوں کو اس کار خیر میں نمایاں طور پر حصہ لینا چاہئے اور وہ متاثرین کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں متاثرین سیلاب کی فوری امداد اور بحالی کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے وہاں متوقع سیلاب سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی ہنگامی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مخیر حضرات اور فلاحی ادارے امدادی سرگرمیاں تیز کردیں گے اور متاثرین کیلئے دل کھول کر امداد دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا بھی سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کے مسائل کے ساتھ ساتھ عوام کی امدادی سرگرمیاں بھی اجاگر کرے تاکہ متاثرین مشکل کی اس گھڑی میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سیلاب میں گھرے افراد کو دیکھ کر اپنا ہیلی کاپٹر نیچے اتار لیا
لاہور (جی پی آئی)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نالوں اور بارشوں سے شدید متاثرہ اضلاع نارووال اور سیالکوٹ کا4 گھنٹے سے زائد دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ائیرپورٹ پر انتظامیہ کی جانب سے امدادی و بحالی سرگرمیوں کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پرکہا کہ وہ بند کمروں میں بریفنگ پر یقین نہیں رکھتے اور خود موقع پر جا کر انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیں گے۔ انتظامیہ کے منع کرنے کے باوجود کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کوئی ہیلی پیڈ نہیں ہے،وزیراعلیٰ نے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور میہال گائوں میں متاثرین کو پانی میں گھرے دیکھ کر ہیلی پیڈ نہ ہونے کے باوجود اپنا ہیلی کاپٹر پانی کے درمیان خشک جگہ پر اتار لیا اور ٹوٹی پھوٹی سڑک پر چلتے ہوئے متاثرین کے پاس پہنچ گئے۔ انہوں نے فرداً فرداً ان سے ہاتھ ملایا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی امداد و بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ عوام وزیراعلیٰ کو اچانک اپنے درمیان پا کر حیران رہ گئے کہ انہیں یقین نہیں آتا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف ان کے درمیان موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یقینا وہ صحیح معنوں میں خادم پنجاب اور عوام کا درد رکھنے والے رہنما ہیں۔ اس موقع پر انہو ںنے ”شہباز شریف زندہ باد” کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ شہر میں نالہ ایک میں طغیانی کی بنا پر شہر میں کھڑے پانی اور عوام کی مشکلات کو دیکھ کر ڈی سی او سیالکوٹ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ انہو ںنے ان علاقوں میں سرکاری سطح پر ویگن سروس کیوں شروع نہیں کی اور کیوں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے میڈیکل کیمپ نہیں لگائے۔ انہوں نے عوام کے مسائل کم سے کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک انصاف پنجاب میں اپوزیشن کابھرپور کردار ادا کر رہی ہے:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ تحریک انصاف پنجاب میں اپوزیشن کابھرپور کردار ادا کر رہی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی قانون 2013 کا مسودہ اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود اتفاق رائے سے منظور نہیں کرا سکی کیونکہ اس قانون سے عوام کو کچھ نہیں ملے گا، تحریک انصاف جمہوریت کے ثمرات نچلی سطح پر پہنچانے کی خواہاں ہے جبکہ مسلم لیگ ن تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت میں کمشنرکا کردار ختم ہونا چاہیے پنجاب کے حکمرانوں نے مذکورہ قانون منظور کرانے کی کوشش کی تو تحریک انصاف منظوری کے شق وار عمل میں حکومت کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گی اور عوام کی حکمرانی کے لئے اپنا جمہوری حق استعمال کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
”وزیراعلیٰ کاسیالکوٹ اور نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا 4 گھنٹے سے زائد دورہ”
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے کام میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور اس ضمن میں کسی صورت غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو علاقے شدید بارشوں کی وجہ سے کٹ گئے ہیں وہاں آمد و رفت کے راستوں کی فوری بحالی اور سیلاب میں پھنسے عوام کو راشن، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کشتیوں کے ذریعے امدادی سرگرمیاں فوری شروع کی جائیں۔یہ بات انہوں نے آج سیالکوٹ اور نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے4 گھنٹے طویل دورے کے دوران بریفنگ اجلاسوں اور شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر زاہد حامد، صوبائی وزیر آبپاشی یاور زمان، نارووال اور سیالکوٹ کے منتخب نمائندے، ڈویژنل و ضلعی انتظامی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی عبادت نہیں ہوسکتی اور ہم مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکومت پنجاب نے سیلاب میں گھرے افراد کی امداد اور بحالی کیلئے جامع پروگرام مرتب کیا ہے جس کے تحت ان علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں اور میں خود بھی 24 گھنٹے سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں کے بارے میں آگاہی حاصل کر رہاہوں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ سیالکوٹ میں نالہ ایک میں 5 لاکھ کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اس نالے کی گنجائش صرف 40 ہزار کیوسک پانی ہے۔ شدید بارشوں نے جہاں فصلوں اور گھروں کو متاثر کیا ہے وہاں نالہ ایک اور ڈیک میں بھی طغیانی کی وجہ سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصان کا سروے کرایا جا رہا ہے جس کی روشنی میں نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع سیالکوٹ کے گائوں بجوات کے 85 مواضعات کا دوسرے علاقوں سے رابطہ منقطع ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آمد و رفت کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور پانی میں گھرے افراد کیلئے راشن، ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کشتیوں کے ذریعے امداد کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ اور ڈی سی او سیالکوٹ کی امدادی کاموں میں سست روی کا مظاہرہ کرنے پر سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بند کمروں میں بریفنگ اجلاسوں کا نہیں بلکہ مصیبت میں گھرے عوام کی عملی خدمت کا ہے اور میں اجلاسوں میں اعداد و شمار کی بجائے خود فیلڈ میں جا کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کو ترجیح دوں گا۔ وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں سے بھی کہا کہ وہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرکے دنیا اور آخرت سنواری جا سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے علاوہ سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو5، 5 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں لائیوسٹاک اور فصلو ںکے تحفظ کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی خصوصی ٹیمیں میڈیکل کیمپ لگائیں جہاں پر متاثرہ افراد کو مفت ادویات اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہو ںنے سیالکوٹ میں مختلف سڑکوں پر بڑی مقدار میں پانی کھڑا ہونے پر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ یہاں شہریوں کی سہولت کیلئے سرکاری سطح پر ویگنیں چلانے کا اہتمام کیا جائے تاکہ شہریوں کو آنے جانے میں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے، اسی طرح وبائی امراض کی روک تھام کیلئے بھی فوری طور پر میڈیکل کیمپ قائم کئے جائیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سیالکوٹ شہر، بجوات، بدوملہی،نارووال، ظفروال، پسرور، میہال اور دیگر متاثرہ علاقوں کا 4 گھنٹے سے زائد زمینی و فضائی جائزہ لیا اورمختلف مقامات پر گاڑی سے پانی میں اتر کر شہریوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، میں انشاء اللہ ان کے مسائل کا ہر قیمت پر مداوا کروں گا اور آج خرابی موسم کے باوجود خود امدادی کیمپوں اور انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے پہنچا ہوں۔قبل ازیں سیکرٹری آبپاشی، ڈی سی اوز سیالکوٹ اور نارووال نے اپنے اپنے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہو ںنے بتایا کہ سیلاب میں گھرے افراد کی امداد و بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ منتخب نمائندوں نے بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ کو عوام کے مسائل سے آگاہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈرون حملے اور دہشتگردی دونوں ہی پاکستان کی خودمختاری اور آزادی کے خلاف ہیں:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت دہشتگردی کی جنگ کو الجھانے کی بجائے قوم میں اتفاقِ رائے پیداکر کے اس مسئلے کو حل کر نے کے لئے اقدامات کرے اْنہوں نے کہا کہ ڈرون حملے اور دہشتگردی دونوں ہی پاکستان کی خودمختاری اور آزادی کے خلاف ہیں اس لیے حکومت کو قوم کو متحد کرنا چا ہیے تا کہ اْن مذ موم طاقتوں کو جلد از جلد جہنم رسید کیا جا سکے جنہوں نے پاکستان اور اسلام کو دنیا بھر میں بد نام کر رکھا ہے دہشت گردوں نے پاکستان کے 50 ہزار معصوم شہریوں اور 5 ہزار کے قریب فوجی جوان شہید کرنے کے علاوہ ملکی معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچایا ہے، پیپلزپارٹی دہشتگردی کے خلاف متفقہ قومی پالیسی بنانے میں حکومت سے بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دہشتگردوں کے ہاتھوں نا قابلِ تلافی نقصان اْٹھائے ہیں لیکن پھر بھی پیپلز پارٹی کی قیادت اور اْسکے کار کن دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
Related Posts
یوٹیوب نے لائیو اسٹریم کے مزید فیچر پیش کر دیئے
March 21, 2022
امریکی صدر پولینڈ کا دورہ کریں گے: وائٹ ہاوس
March 21, 2022
یوکرین نے خودسپردگی کا روسی مطالبہ مسترد کر دیا
March 21, 2022
