
اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور انتخابی اصلاحات کیلئے ہفتہ وار ریلی نکالی۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج میں سانحہ لاہور میں جاں بحق ہونے والوں اور متحدہ کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے نادرا آفس جانے کی کوشش کی۔ پولیس نے کارکنوں کو آگے جانے سے روک دیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس کے باعث تحریک انصاف کو اپنا احتجاج او پی ایف چوک تک محدود کرنا پڑا۔ تحریک انصاف نے اپنا ہفتہ وار احتجاج رمضان کے احترام میں موخر کر دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کو چار حلقے کھولنے پر مجبور کر دیں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج موخر کرنے کے اعلان پر پولیس اہلکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ نعرے لگاتے ہوئے جھومنے لگے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ الیکشن مین دھاندلی کے خلاف ہفتہ وار احتجاج عید الفطر کے بعد دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
