
کراچی (جیوڈیسک) سیلابی ریلا 4 دن میں سندھ پہنچنے کا خدشہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے قادر پور لوپ بند کا دورہ کیا۔ ٹھنڈے مزاج اور دھیمے لہجے کے سمجھے جانے والے وزیراعلیٰ سندھ گھوٹ کی میں قادر پور لوپ بند کے دورے کے موقع پر محکمہ آب پاشی پر برس پڑے۔
بولے محکمہ مخلص نہیں، مجھ سے پوچھ گچھ ہوگی تو آپ لوگوں سے بھی ضرور پوچھ گچھ کروں گا۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ آج کل سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی بندوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ گھوٹکی قادر پور لوپ بند کے دورے پر پہنچے تو ناقص کارکردگی پر محکمہ آب پاشی پر برس پڑے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بند کی صورتحال آج بھی 2010 ءجیسی ہے۔
انہوں نے بند مضبوط کرنے کے احکامات دیے تھے اس پر عمل کیوں نہیں ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایک ہفتے میں 9 میل تک پتھر لگا کر بند کو مضبوط کیا جائے۔ اس کو سیریس لیا جائے جس طرح سیریس ہونا چاہیے وہ نہیں ہے۔علی نواز صاحب یہ آپ کی جیورسڈکشن ہے۔
اس کو بہت سیریس لیا جائے میں نے لیا ہے پھر آؤں گا 3,4 دن میں کتنی پچنگ ہوئی ہے، نوٹس لے رہا ہوں ۔ اس طرح کام نہیں چلے گا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ نے سکھر بیراج اور گدو بیراج اور خیرپور میں دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کا بھی دورہ کیا اور 24 گھنٹوں بندوں کی نگرانی کی ہدایت کی۔
