
سرینگر (جیوڈیسک) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹرول لائن کو کھول دیا جائے اور عالمی امدادی اداروں کو متاثرین تک براہ راست رسائی دی جائے۔ بھارت نے مشکل لمحات میں کشمیری عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اوربھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیری عوام کو ڈبونا چاہتا ہے۔
اگر اقوام متحدہ کشمیر میں اس انسانی المیہ کو روکنے میں ناکام رہی تو تمام تر جانی نقصانات کی ذمہ داری عالمی اداروں پر عائد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کو کھول دیا جائے اور عالمی امدادی اداروں کو متاثرین تک رسائی دی جائے۔
بھارتی حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے کہ اس نے عالمی اداروں کو ریلیف کارروائیوں سے بھی روک رکھا ہے۔ علی گیلانی نے اقوام متحدہ، حکومت پاکستان، اوآئی سی کے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ ریاست میں رونما ہونے والے اس بہت بڑے انسانی المیہ کو روکنے کیلئے سیلاب میں ڈوبے ہوئے لاکھوں لوگوں کی فوری مدد کریں۔
