کراچی : پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا نے کہاہے کہ عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتیں 100ڈالر فی بیرل سے بھی کم ہو گئی ہیں لیکن حکومت نے چند پیسوں کی کمی کی ہے جو قوم کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے،حالانکہ جب قیمتوں میں اضافہ کیاجاتاہے تو پانچ سے سات آٹھ روپے کااضافہ کیاجاتاہے مگرجب کمی کی بات آتی ہے تو حکومت چند پیسے کم کرکے حاتم طائی کی قبر پر لات مارنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے چند مہینوں میں ہی ثابت کردیاہے کہ انہیں عوام کے مسائل اور مشکلات کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے،غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کامہنگائی اور بے روزگاری کے باعث جینا محال ہوکر رہ گیاہے،بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتیں آسمان کوپہنچ رہی ہیں جس کے باعث عوام کووقت کی روٹی کاحصول بھی جوئے شیرلانے کے مترادف ہو چکا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پی ڈی پی کے مرکزی دفتر مرزاہائوس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بلائے گئے عہدے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیںاجلاس میںارشد مرزا،غلام صابر،عبدالحمیدمغل، ڈاکٹر ایس ایم حسین،مرزاارتضیٰ بیگ، علی بہادرخان، عبدالمجید قریشی، عبدالحکیم، سلیم نیازی و دیگر شریک تھے۔
رہنمائوں نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اس سلسلے میں حتمی فیصلہ آئندہ اجلاس میں ہوگا۔بشارت مرزانے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ نے صنعتی کاروبار کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے جبکہ عوام کے روزمرہ کے معمولات زندگی بھی متاثٔر ہوکررہ گئے ہیںجس پر طرفہ تماشہ یہ ہے کہ بجلی کے نرخ مزید بڑھادیئے گئے ہیں جو مرے پر سودرے مارنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب تک حکومت اپنی آزاد پالیسی نہیں بنائے گی ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز کاخاتمہ ناممکن ہے۔انہون نے کہاکہ بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان کافلسفہ ملک اور قوم کی ترقی اور خوش حالی کاضامن ہے، پی ڈی پی کی جدوجہد کی بدولت آج ملک میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے اور عوام کوان کے حقوق دلوانے کے لئے آج بھی مصروف عمل ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی ملک کے عوام کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر فورم پر ان کے حقوق کے آواز بلند کرتی رہے گی۔
