گجرات: مرکز اہلسنت نیک آباد (مراڑیاں شریف) کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں 12 ربیع الاول بمطابق 14 جنوری بروز منگل عظیم الشان جلوس میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نکالا جائے گا۔ قیادت عالمی تنظیم اہلسنت کے امیر حضرت علامہ صاحبزادہ پیر محمد افضل قادری سجادہ نشین آستانہ عالیہ نیک آباد (مراڑیاں شریف) کریں گے۔
جلوس صبح ساڑھے نو بجے نیک آباد سے شروع ہو گا اور باب غوث اعظم، بائی پاس روڈ گجرات سے ہوتے ہوئے، شاہین چوک، بجلی گھر، سٹاف گلہ، محمدی بیکرز، جی ٹی روڈ، چوک جی ٹی ایس سے گزرتے ہوئے فوارہ چوک میں اختتام پذیر ہوگا۔ مفتی اسلام پیر محمد عثمان افضل قادری نے کہا ہے کہ غلامان رسول میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو شایان شان طریقہ سے منانے کی تیاریاں تیز تر کردیں۔
انہوں نے کہا آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ رب العالمین کا سب سے بڑا فضل اور کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے لہذا میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر امت مسلمہ اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کرے اور آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خوشیاں کا اظہار بھی۔
