
دی ہیگ (جیوڈیسک) ہاکی ورلڈ کپ میں بھارت نے پہلی کامیابی کا موقع گنوا دیا، اسپین کیخلاف مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔
ملائیشین ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل تیسری شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، آسٹریلیا نے بیلجیئم کو 3-1 سے مات دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق نیدر لینڈز میں جاری میگاایونٹ میں جمعرات کو بھارتی ٹیم اسپین پر بھی غلبہ نہ پا سکی، مقابلہ ایک، ایک گول سے برابری پر اختتام پذیر ہوا۔
ایشین ٹیم اپنے دونوں ابتدائی میچ ہار چکی ہے۔ ملائیشین سائیڈ انگلینڈ کے ہاتھوں 0-2 سے ناکام رہی، یہ اسکی مسلسل تیسری شکست ہے، اس سے قبل بیلجیئم اورآسٹریلیا نے بھی واضح فرق سے ہرایا تھا۔
ناقابل شکست آسٹریلیا نے بیلجیئم کو بھی 3-1 سے زیر کر لیا۔ دوسری طرف ویمنز ایونٹ میں آسٹریلوی سائیڈ نے مینز کی تقلید کرتے ہوئے بیلجیئم کو 3-2 سے ہرایا، جاپان اور جنوبی کوریا کے مابین سنسنی خیز مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔
