
لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عید الاضحیٰ سے قبل اسلام آباد میں جاری دھرنے ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ سیاست میں مذاکرات کا راستہ کسی صورت بند نہیں ہوسکتا ہے۔
رحمان ملک نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے کارکن گرفتار نہ ہوتے تو مذاکرات کامیاب ہوجاتے لیکن اب بھی اپوزیشن جرگہ کوشش کر رہا ہے کہ تینوں فریقین مذاکرات پر رضا مند ہوجائیں۔
رحمان ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دیں اور قوم کی بہتری کے لیے کام کیا اور اب بھی ملکی سلامتی اور قیام امن کے لیے جمہوریت کا ساتھ دے رہی ہے۔
