
دہلی (جیوڈیسک) بھارت کے نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی کا دہلی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، وہ اکیس مئی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، ادھر اپنے الوداعی خطاب میں من موہن سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت پہلے سے زیادہ طاقتور ملک بن گیا ہے۔
نو منتخب وزیر اعظم کا نئی دلی پہنچنے پر کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ گاڑیوں کے بڑے قافلے کے ہمراہ نریندر مودی بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے۔ انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا فتح بی جے پی کے لاکھوں ورکروں کی محنت کا نتیجہ ہے۔
بھارتیا جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی پانچ سو تینتالیس نشستوں میں دو سو بیاسی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ نریندر مودی اکیس مئی کو بھارت کے پندرھویں وزیر اعظم کا حلف اٹھائیں گے۔
بھارت کی خصوصی پروٹیکشن گروپ نے گجرات کے دو مختلف علاقوں میں مقیم نئے وزیر اعظم، ان کی والدہ اور اہلیہ کی سیکورٹی سنبھال لی ہے ادھر وزیر اعظم من موہن سنگھ نے نئی دہلی میں قوم سے اپنے الوداعی خطاب میں کہا عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
دس سالوں میں عوام کی خدمت کی کوشش کر کے ملک کو مستحکم کیا۔ ملک کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ من موہن سنگھ نے کہا آنے والی حکومت کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔
