
اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائن تیار کر لی جس کے مطابق خلاف قانون قیام پذیر غیر ملکیوں کو فوری ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی پالیسی گائیڈ لائن میں کسی بھی غیر ملکی سے رعایت نہ برتنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قیام کی مدت ختم ہونے پر غیر ملکیوں کو فوری ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ جبکہ ویزے میں توسیع کے لیے دوبارہ حساس اداروں سے کلیئرنس لازم ہو گی۔ پالیسی گائیڈ لائن کے مطابق زائدالمعیاد ویزے والے غیر ملکیوں کے ویزوں میں توسیع نہیں کی جائے گی بلکہ فارن ایکٹ کے تحت ان کے خلاف مقدمات درج ہوں گے اور جرمانوں اور سزا کے بعد انہیں ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دہشت گردی کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ”ضرب عضب” کے بعد وزارتوں داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے بھی ملک میں مقیم غیر ملکیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے پالیسی گائیڈ لائن ترتیب دی ہے۔
