
واشنگٹن (جیوڈیسک) ریئر ایڈمرل جان کربی نے کہا کہ شدت پسند تنظیم کے ٹھکانوں پر بمباری کے باوجود اسے بدستور مالی وسائل، رضاکار اور ہتھیار دستیاب ہیں جس کے باعث اسے شکست دینے کا دعویٰ کرنا قبل از وقت ہو گا۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ شام کے جن علاقوں میں امریکا اور اس کے اتحادیوں نے دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے وہاں انہیں شام کی سرکاری افواج کی پیش قدمی کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام عراق اور شام میں کیے جانے والے حالیہ حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکت یا ان کے زخمی ہونے کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
پنٹاگون کے بعض ذرائع نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ جمعرات کو شام میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر کیے جانے والے حملوں کے تیسرے مرحلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی فوج نے بھی حصہ لیا تھا۔
