
راملہ (جیوڈیسک) اسرائیلی فوج نے 3 لاپتہ یہودی لڑکوں کی تلاش کے سلسلے میں آپریشن کرتے ہوئے مزید 2 فلسطینیوں کو شہید اور 5 کو زخمی کردیا۔
مغربی کنارے میں رات گئے اسرائیلی فوج کے کریک ڈائون کے بعد فلسطینی شہری سڑکوں پر آگئے، پرامن مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید اور5 زخمی ہوگئے۔
نہتے فلسطینیوں نے جواباً پتھرائو کیا، فوج نے 6 شہریوں کو گرفتار بھی کرلیا۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ اس نے اتوار کو علی الصباح نابلس میں مغویوں کی رہائی کے لیے ایک کارروائی کی جس میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں 30 سالہ محمد طریفی بھی شامل ہے۔ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز اسرائیلی لڑکوں کی بازیابی کے لیے راملہ اور نابلوس میں اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
حکام کے مطابق ابھی تک اس سلسلے میں کم از کم 340 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں سے دو تہائی کا تعلق حماس سے ہے۔ دریں اثنا اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ رات کے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ میں کارروائی بھی کی ہے۔
فلسطینی تنظیموں نے اسرائیل کی تازہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ دوسری طرف شام کی سرزمین میں گولان کی پہاڑیوں سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ اسرائیلی لڑکا ہلاک اور2 اسرائیلی زخمی ہوگئے۔
