
کراچی (جیوڈیسک) حکومت پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے 172 بھارتی ماہی گیروں کو کل رہا کیا جائے گا۔
ان ماہی گیروں کو پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالتوں نے انہیں سزائیں سنائی تھیں۔ بھارتی ماہی گیروں نے اپنی سزا مکمل کر لی ہے اور بھارتی حکام نے ان کی کلئیرنس دے دی ہے۔
اتوار کو گیارہ بجے دن بھارتی ماہی گیروں کو ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے رہا کیا جائے گا اور ٹرین سے انہِیں لاہور روانہ کیا جائے گا۔ لاہور میں واگہ بارڈر پر بھارتی ماہی گیروں کو بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
