
کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں وطن عزیز کا جشن آزادی بھرپور انداز میں منانے کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہر بھر میں قومی پرچم ، ہری جھنڈیاں بیجز سمیت دیگر سجاوٹی اشیاء کی خریداری کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔
کراچی میں ارض وطن کے یوم آزادی کے سلسلے میں جگہ جگہ سٹالز قائم کر دئیے گئے ہیں۔ جہاں قومی پرچم ہری جھنڈیاں ، بیجز سمیت خوبصورت برسلٹ اور قومی پرچم کے کلرز پر مشتمل مختلف ڈیزائن کی سجاوٹی اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں۔
قومی جوش و جذبے سے سرشار معصوم بچے اپنی عیدی سے قومی پرچم اور جھنڈیاں خرید کر 14 اگست کی تیاریاں کررہے ہیں۔ جشن آزادی کی آمد قریب ہونے کے باعث موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو قومی پرچم سے سجایا جا رہا ہے۔
14 اگست کی مناسبت سے سرکاری عمارتوں ، گھروں اور دیگر مقامات کو سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیوں سے سجانے کیلئے خریداری کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ یوم آزادی کی مناسبت سے لڑکیوں کیلئے سبز و سفید رنگوں کی خوبصورت چوڑیاں ، ہئیرکلپس ، منفرد انداز کے کیپ اور دیگر اشیاء کی خرید و فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
