
لاہور (جیوڈیسک) لاہور کی مدینہ کالونی میں نجی اسکول کے ٹیچر نے سبق یاد نہ کر نے پر مبینہ طور پر 6 سالہ طالبہ پر تشدد کیا، جس سے اس کی ناک کی ہڈی اور ٹانگ ٹوٹ گئی۔ کوٹ لکھپت کے محلہ مدینہ کالونی کے رہائشی محنت کش تنویر احمد کے مطابق اسکی چھ سالہ بیٹی فائزہ قریبی اسکول میں زیر تعلیم تھی، ٹیچرنے 2 کا پہاڑا یادنہ ہونے پر بچی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اسکی ناک کی ہڈی اور ٹانگ ٹوٹ گئی۔
محنت کش تنویر احمد کے پانچ بچے ہیں جن میں سے چار بچے معذور ہیں لیکن فائزہ بالکل صحت مند ہے۔ فائزہ کو فوری طور پر جنرل ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ اسکول ٹیچر کے خلاف تھانہ کوٹ لکھپت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اہل علاقہ نے اسکول ٹیچر کے خلاف احتجاج کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ فائزہ کے چار معذور بہن بھائیوں کا علاج بھی کرایا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیچر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
