
(اسٹاف رپورٹر) انجمن تاجران قائد آباد خلد آباد کے صدر عبدالحمید قریشی نے قائد آباد میں تجارتی مراکز کے اطراف اور مین شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر بدترین اور بے ہنگم تجاوزات کے قیام کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ خلد آباد پولیس چوکی اور قائد آباد ٹریفک سیکشن ان تجاوزات کی سرپرستی کررہا ہے۔
عبد الحمید قریشی نے کہاکہ قائد آباد قائد آباد چوک،ڈی سی آفس ،حامد ہسپتال ،موبائل مارکیٹ اور خصوصاً گوشت گلی میں پتھارے ،ٹھیلے والوں کا مکمل قبضہ ہوچکا ہے جس کے باعث نہ صرف شاہراہ پر ٹریفک جام رہتا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے پولیس سرپرستی میں تجاوزات کے قیام کے باعث کاروباری مراکز اور دوکانداروں کا کاروبار کرنا محال ہو گیا ہے جس کی وجہ سے آئے دن پتھارے اور ٹھیلے والوں سے دوکانداروں کا جھگڑا روز کا معمول بن چکا ہے۔
انجمن تاجران قائد آباد خلد آباد کے صدر عبدالحمید قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ قائد آباد میں تجاوزات مافیا سے بے بس ہوکر ڈپٹی کمشنر ملیر نے بھی اپنے دفتر میں بیٹھنے کے بجائے کیمپ آفس (ملیر ہالٹ) میں فرائض انجا م دینا شروع کر دیا ہے۔
انجمن تاجران قائد آباد خلد آباد کے صدر عبدالحمید قریشی اور تاجروں نے وزیر اعلیٰ سندھ ،گورنر سندھ ، وزیر بلدیات سندھ ،چیف سیکریٹری سندھ ،کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سے اپیل کی ہے کہ علاقہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں قائد آباد کے تجارتی مراکز کے اطراف اور شاہراہوں فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات کے فوری خاتمے کے لئے احکامات صادر کریں تاکہ علاقہ عوام اور تاجروں کو نہ صرف تحفظ فراہم کیا جاسکے بلکہ وہ اپنی تجارتی سرگرمیان بہ احسن و خوبی انجام دے سکیں اور قائد آباد چوک پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔
