
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت ختم ہونی چاہیے، بھارت سے مذاکرات چاہتے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے صدر زرداری سے صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاس میں ملاقات کی۔ اے آروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری عبدالمجید کا کہنا تھا صد رزرداری کو بتایا کہ بھارت ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
سردار عبدالمجید کے مطابق صدر زرداری کا کہنا تھا بھارت کو کنٹرول لائن پر کشیدگی ختم کرنی چاہیے تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہے اور پاکستان بھارت سے تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتا ہے۔ پاکستان کے شدید احتجاج کے باوجود بھارت جارحیت سے باز آنے کو تیار نہیں۔ بھارتی فوج نے آج ایک بار پھرلائن آف کنٹرول کو نشانہ بنایا۔
گلرسیکڑ میں بھارتی توپوں کے آتش و آہن کے سامنے خاکِ وطن کی حفاظت کرنے والے جوان مقصود نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں۔ بھارت کی مسلسل بلااشتعال فائرنگ سے تین دنوں کے اندر پاک فوج کے ایک کیپٹن سمیت چار سپاہی شہید ہوچکے ہیں۔ نکیال،تتہ پانی، راولا کوٹ اور دیگر علاقوں میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گے ہیں۔
