
کیا ہے جو ایک شخص ہمارا نہیں ہوا
ایسا جنوں میں کس کو خسارا نہیں ہوا
اِک عمر دسترس میں ہماری رہا مگر
پل بھر بھی اس کے دل پہ اجارا نہیں ہوا
اس نے بھی پھر کسی سے محبت نہ کی کبھی
ہم سے بھی کار ِ عشق دوبارا نہیں ہوا
وہ بھی مرے فراق میں رویا تمام عمر
میرا بھی اس کے بعد گزارا نہیں ہوا
ہم تشنگی کے مارے ہوئے ہیں رضا مگر
پانی ہماری آنکھ کا کھارا نہیں ہوا
احمد رضا راجا
