کراچی : کورنگی یونین فٹ بال کلب کراچی کے زیر اہتمام ناصر اسپورٹس فٹ بال گرائونڈ پر جاری آل کراچی عرفان شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں کورنگی کی معروف فٹ بال ٹیم ینگ اتحاد فٹ بال کلب نے سیکریٹری ینگ اتحاد فٹ بال ٹیم با بو فیروز کی قیادت میں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی سخت حریف کورنگی اسٹار کو 2-0سے شکست دے کر اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ میچ کے دوران کھیل کے پہلے ہاف کے 15ویں منٹ میں ینگ اتحاد کی جانب سے محمود نے اپنی انفرادی کوشش سے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0سے آگے بڑھا دیا۔
دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں فاتح ٹیم کے ہی منصور نے ایک مشکل زاویئے سے لفٹ اینگل سے گینڈ کو جال میں ڈال کر مقابلہ 2-0کردیا ۔کورنگی اسٹار نے بارہا کوششوں کے باوجود ینگ اتحاد کے گولوں کا قرض اُتارنے میں ناکام رہی اور اس طرح کھیل کے اختتام پر ینگ اتحاد 2-0کی کامیابی کے ساتھ گرائونڈ سے باہر آئی اس موقع پر شائقین فٹ بال نے نوجوان کھلاڑیوں کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر دل کھول کر داد دی۔ سیکریٹری ینگ اتحاد بابو فیروز نے اپنی ٹیم کو آل کراچی عرفان شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی پر ٹیم کے ہر کھلاڑی کو مبارکباد پیش کی ٹورنامنٹ کے اس اہم میچ کو نیشنل ریفری اسد محمود نے اپنے معاون ساتھیوں عبدالوحداور شکیل مسیح کے ہمراہ سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض نصیرالدین عباسی نے انجام دیئے۔
