
کراچی (جیوڈیسک) آصف ٹوبا نے پہلی بار نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل ہارنے والے حمزہ اکبرپر کراچی میں لٹنے کا خوف طاری رہا۔
دونوں کیوئسٹس ایشین چمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ کراچی میں کھیلی گئی نیشنل چمپئن شپ کا فائنل آصف ٹوبا اور دفاعی چمپئن حمزہ اکبر کے درمیان چھ گھنٹے جاری رہا۔ 15 فریم پر مشتمل فائنل میں برتری کا توازن بار بار بدلتا رہا، کبھی آصف ٹوبا کو سبقت ملی تو کبھی حمزہ بازی لے گئے۔
آخر کار پہلی بار نیشنل اسنوکر چمپئن شپ کا فائنل کھیلنے والے آصف ٹوبا نے مسلسل دو فریم جیت کر دفاعی چمپئن سے اس کا اعزاز چھین لیا۔ حمزہ اکبر کو چمپئن شپ کے دوران کراچی میں ڈاکوں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا تھا۔
فائنل ہارنے کے بعد وہ کہتے ہیں کہ ڈاکو اور اسلحہ بار بار نظر آتا ہے۔ چمپئن شپ جیتنے کے بعد دونوں کیوئسٹس اپریل میں دبئی میں کھیلی جانے والی ایشین اسنوکر چمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
