
کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کی اپیل پر کراچی اور حیدر آباد میں دکانیں اور کاروباری مراکز کھل گئے ہیں۔
پٹرول پمپس اور سی این جی سٹیشنز سے سروس بحال ہو گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر رواں دواں ہے۔ اس سے پہلے کارکن سہیل احمد کی ہلاکت کے خلاف ایم کیو ایم کی اپیل پر کراچی اور حیدر آباد سمیت اندرون سندھ میں پُرامن ہڑتال کی گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ، تجارتی مراکز، سبزی منڈی اور پٹرول پمپس بند رہے۔
وزیر تعلیم کی اپیل کے باوجود شہر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں حاضری نہ ہونے کے برابر رہی۔
ادھر کورنگی ڈھائی نمبر میں نامعلوم افراد نے ٹرک نذر آتش کر دیا جس کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ٹرک کو نذر آتش کرنے والے تین ملزموں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سکھر میں بھی شٹر ڈاؤن رہا اور تعلیمی اداروں میں حاضری معمول سے کم رہی۔ کوٹری، ٹنڈوالہٰ یار، ٹنڈو آدم، میرپور خاص اور محراب پور سمیت دیگر شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔
