کراچی: بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری کہلاتے ہیں اور بلدیاتی انتخابات کرائے بغیر جمہوریت کی تکمیل نہیں ہوتی اسلئے نامکمل جمہوریت کا مستقبل ہمیشہ مخدوش رہتا ہے مگر جمہوریت کے نام پر اقتدار پانے والی سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کیلئے جمہوریت کی بنیاد کو ہی کمزوری سے دوچار رکھتی ہیں اور بلدیاتی انتخابات سے گریزاں رہتے ہوئے خدمت کمیٹیوں یا ایڈمنسٹریٹروں کے ذریعے عوام کو اپنا محکوم بنائے رکھنے کی تاریخ کی حامل ہیں۔
نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فانڈیشن ( این جی پی ایف )کے چیئرمین عمران چنگیزی نے سپریم کورٹ کی جانب سے صوبائی و بلدیاتی حکومتوں کو ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے حکم کو پاکستان کے محفوظ مستقبل کی جانب مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بد امنی جرائم اوردہشتگردی سے بچانے اور کرپشن و کمیشن کی روایت کے خاتمے کے ساتھ عوام کو مسائل و مصائب اور مہنگائی و گرانفروشی سے بچانے کیلئے بلدیاتی انتخابات اور مقامی پولیس کے قیام کو ناگزیر قرار دیئے جانے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا حکم جاری کرکے اعلی عدلیہ نے محفوظ مستقبل کی پیش بندی کا آغاز کردیا ہے امید ہے کہ مقامی پولیس کے قیام کے حوالے سے بھی عدلیہ اپنا ذمہ دارانہ کردار اسی طرح ادا کرکے پاکستان و عوام کے مستقبل کو محفوظ بنائے گی۔
