لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سابق ناظم اعلیٰ نصر اللہ خان گورائیہ نے معروف کالم نگار ہارون رشید پر دس کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں عمران خان پر کئے جانے والے تشدد کے حوالے سے ہارون رشید نے اسلامی جمعیت طلبہ کے اس وقت کے ناظم اعلیٰ نصر اللہ خان گورائیہ پر اپنے کالموں میں متعدد بار مبینہ طور پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اس وقت کی پنجاب حکومت اور چودھری پرویز الہی سے رقم لے کر تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان پر تشدد کروایا،جب کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے ہر بار اس جھوٹے الزام کی سختی سے تردید کی جاتی رہی ہے۔ہارون الرشید کو متعدد بار اس الزام کے جھوٹے ہونے کی بابت توجہ بھی دلائی گئی۔
اب کی مرتبہ بھی جب 04دسمبر کو اپنے ایک کالم میں ہارون الرشید نے پھر اسی الزام کو دہرایا تو نصراللہ خان گورائیہ کی جانب سے ان کے وکیل محمد اسد منظور بٹ ایڈووکیٹ سپر یم کورٹ نے کالم نگار کو لیگل نوٹس بھجوایا جس کا جواب نہ آنے کی صورت میں اب دعوی دائر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کا قانون اور آئین کسی کو اجازت نہیں دیتا کہ وہ جب چاہے کسی دوسرے کی عزت اچھال دے۔ اور اپنے سیاسی مخالف سے اس طرح رنج نکالے۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا ماضی اور حال ایک کھلی کتاب ہے۔ اور دشمن بھی اس کے کردار کی تعریف کرتے ہیں۔
