
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پرویز مشرف نے قومی سیاسی صورتحال اور متوقع تبدیلی کے آثار کے پیش نظر آل پاکستان مسلم لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے جس میں مرکزی کابینہ کے علاوہ سندھ ‘ پنجاب ‘ خیبر پختونخواہ‘ بلوچستان ‘گلگت بلتستان‘ کشمیر اور امریکہ ‘ کنیڈا‘ برطانیہ ‘ یواے ای‘فرانس ‘ جرمنی و دیگرممالک میں موجود اے پی ایم ایل رہنما شرکت کریں گے۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں 22 مارچ اور 23 مارچ کو ہونے والے دوروزہ اجلاس کیلئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔اے پی ایم ایل سندھ کے سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے ہمارے نمائندے کو بتایا ہے کہ اجلاس کے میں میڈیا کوبھی مدعو کیا گیا ہے جس کیلئے دعوت نامے اور پاسز جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ اجلاس کے اختتام پر پرویز مشرف صحافی حضرات سے ملاقات اور میڈیا سے خطاب بھی کریں گے۔
باخبر ذرائع کے مطابق اجلاس کا مقصدقومی سیاسی صورتحال کے پیش نظر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا ‘ اے پی ایم ایل کو منظم کرنا‘سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے مشاورت ‘متوقع مڈ ٹرم انتخابات اور متوقع تبدیلی و قومی حکومت کے قیام میں کردار کی ادائیگی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ پرویز مشرف کی عوامی رابطہ مہم کے آغاز کے حوالے سے بھی مشاورت ہو گی۔
