کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ قدرتی ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے بلدیاتی ادارے صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر اور سرسبز ماحول کے قیام کو یقینی بنا کر ماحول کو آلودگی سے بچائیں۔
ان خیالات کاا ظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ آلودگی کے خلاف جہاد کے ذریعے ہی صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے بلدیاتی افسران پر زور دیا کہ وہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی اور سرسبز ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کریں اس حوالے سے عوامی شعور کی آگہی کے لئے قدرتی ماحول کی حفاظت کے حوالے سے مہم چلا ئی جائے نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ کوڑا کرکٹ پھیلانے کچرے کو آگ لگا نے اور درختوں کو کاٹنے اور نقصان پہنچانے کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جائیں بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر اور سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے اقدامات تیز کئے جائیں۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ بلدیہ کورنگی ضلع حدود میں صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے لئے بھر پور جد وجہد کررہی ہے انہوں نے کہاکہ انشااللہ سیاسی و سماجی رہنمائوں منتخب عوامی نمائندوں کی باہمی مشاورت اور عوام کے تعاون سے ضلع کورنگی کو صاف ستھرا اور سرسبز بنایا جائے گا۔

